پی ایس ایل کافائنل میچ:وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سےوفاقی وزیرداخلہ کی ملاقات

وزیراعلیٰ کاسکیورٹی انتظامات پراظہاراطمینان ،بھرپورتعاون پروزیراعظم کاشکریہ ادا کیا،فائنل میچ کیلئے60ہزارسکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کےحوالے سےاپوزیشن رہنماؤں کابیان حقائق کےمنافی ہے،میگاایونٹ کےسکیورٹی انتظامات پرسیاست چمکائی جارہی ہے،شہبازشریف اورچوہدری نثارکی گفتگو

ہفتہ 4 مارچ 2017 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار مارچ ء): وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے کئے جانیوالے اب تک کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے فائنل میچ کے سکیورٹی انتظامات کیلئے بھر پورتعاون پر وفاقی وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی درخواست پر فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے پر وزیراعظم محمد نوازشریف اوروفاقی حکومت کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پر سمجھوتہ کئے بغیر ہروہ اقدام اٹھایا جائیگا جس سے شہریوں کے روز مرہ معمولات میں کوئی رکاوٹ نہ پڑے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے فائنل کیلئے سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے بے بنیاد بیان کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ فائنل میچ کیلئے 60ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کا بیان حقائق کے منافی ہے اور میگا ایونٹ کے سکیورٹی انتظامات پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔

سکیورٹی انتظامات کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے اور ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اتنے بڑے ایونٹ کیلئے تقریباً 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جا رہے ہیں جو لاہو رجیسے بڑے شہر میں میگاایونٹ کرانے کیلئے قطعاً زیادہ نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پنجاب پولیس اور رینجرز کی اب تک کی گئی مشترکہ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔