اہداف کے حصول تک آپریشن رد الفساد جاری رہے گا ،ْ وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں عزم

دہشتگردی و انتہاء پسندی سے نجات کیلئے عوام کے جذبات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری جیت کی ضمانت ہیں ،ْوزیر اعظم

جمعہ 3 مارچ 2017 16:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء) سیاسی و عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ اہداف کے حصول تک آپریشن رد الفساد جاری رہے گا ۔ جمعہ کو وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہائوس میں سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں جاری آپریشن ردالفساد کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز، مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے واضح کیا کہ اہداف کے حصول تک آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ آپریشن رًدّ الفساد پورے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے ،ْوزیراعظم نے کہا کہ تمام فریقین میں وسیع البنیاد اتفاق رائے اور دہشت گردی و انتہاء پسندی سے نجات کے لئے عوام کے جذبات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری جیت کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں بے بہا قربانیاں دی ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم پر پوری طرح سے قائم ہیں اور کسی جغرافیائی محل وقوع، رنگ یا فرقہ کے امتیاز کے بغیر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لئے پوری ریاستی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے کارروائی جاری رکھنے اور ایک محفوظ، پرامن اور مستحکم پاکستان کو یقینی بنانے کے اجتماعی مقصد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی پر کامیابی سے عمل درآمد کے لئے قومی یکجہتی اور حمایت ناگزیر ہیں۔