عبدالستارایدھی مرحوم کی یاد میں 50 روپے کا سکہ جاری

جمعہ 3 مارچ 2017 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)بابائے انسانیت عبدالستار ایدھی مرحوم کے اعزاز میں اسٹیٹ بینک نے یادگاری سکہ جاری کردیاہے۔ اسٹیٹ بینک اس سے قبل قومی ہیروز کی یاد میں 26 سکے جاری کرچکا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے ملک کی معروف سماجی شخصیت اور دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کے بانی عبد الستار ایدھی مرحوم کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ان کی 89 ویں سالگرہ کے موقع پر 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر اشرف وتھرا کی منظوری سے جاری ہونے والے 50 روپے کے سکے میں 70 فیصد تانبا، اور 30فیصد نکل کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس کا قطر 30 ملی میٹر ہے۔سکے پرعبدالستار ایدھی مرحوم کی تصویر کندہ کی گئی ہے، یاد رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ سال جولائی میں اسٹیٹ بینک کوعبدالستار ایدھی کی یاد میں خصوصی سکہ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔