پی ایس ایل فائنل کے موقع پر موبائل فون ، میٹرو بس سروس معطل نہیں ہو گی‘ رانا ثنا اللہ خان

حالت جنگ میں ہیںہے ،صرف قذافی اسٹیڈیم ہی نہیں پورے ملک میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے عمران خان میچ دیکھنے آئیں یا نہ آئیں لیکن ان کے منفی بیانات پر افسوس ہوا ہے ‘ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 3 مارچ 2017 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے روز موبائل فون اور میٹرو بس سروس معطل نہیں ہو گی ، ہم حالت جنگ میں ہیں اس لئے صرف قذافی اسٹیڈیم ہی نہیں پورے ملک میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے ، پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ، عمران خان میچ دیکھنے آئیں یا نہ آئیں لیکن ان کے منفی بیانات پر افسوس ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ ،چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید ، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کافائنل بڑا ایونٹ ہے جس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں فل ڈریس ریہرسلز بھی کی گئی ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اس لئے صرف قذافی اسٹیڈیم ہی نہیں بلکہ پور ے ملک کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس روز موبائل فون سروس معطل نہیں ہو گی، میٹرو بس سروس جو معمول کے مطابق رات گیارہ بجے تک چلتی ہے وزیر اعلیٰ نے شائقین کرکٹ کی گھروں کو واپسی کے پیش نظر اس کا وقت رات ایک بجے تک بڑھانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے عمران خان کے حالیہ بیانات بارے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان میچ دیکھنے آتے ہیں یا نہیں مجھے اس کا علم نہیں البتہ ان کے بیانات افسوسناک ہیں ۔ایک قومی لیڈر ہونے کے ناطے یا اگر وہ خود کو سمجھتے ہیں تو انہیں اس طرح منفی تاثر نہیں پھیلانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں اورفائنل کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔