پاکستان میں ای کامرس تیزی سے فروغ پا رہی ہے ، 2020 تک پاکستان میںای کامرس کا حجم 1ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا،ہر سال اس شعبے میں تجارت کے حجم میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں ای کامرس کے فروغ کیلئے مناسب انفراسٹرکچر موجود ہے ، موبائل براڈ بینڈ کے صارفین میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس تک 2کروڑ60لاکھ صارفین رسائی حاصل کر چکے ہیں ، پاکستان موبائل بینکنگ کے استعمال میں جنوبی ایشیا میں علاقائی لیڈر بن چکاہے

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی چینی تجارتی کمپنی علی بابا گروپ کے میکس بٹنر کی سربراہی میں وفدسے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 3 مارچ 2017 23:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ مارچ ء)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان میں ای کامرس تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور 2020 تک پاکستان میںای کامرس کا حجم 1ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا،ہر سال اس شعبے میں تجارت کے حجم میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں ای کامرس کے فروغ کیلئے مناسب انفراسٹرکچر موجود ہے ، موبائل براڈ بینڈ کے صارفین میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس تک 2کروڑ60لاکھ صارفین رسائی حاصل کر چکے ہیں ، پاکستان موبائل بینکنگ کے استعمال میں جنوبی ایشیا میں علاقائی لیڈر بن چکاہے،وزیر خزانہ نے علی بابا گروپ کو پاکستان کے ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر خوش آمدیدکہتے ہوئے زوردیا کہ وہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹریڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے چین کی آن لائن تجارتی کمپنی علی بابا گروپ کے میکس بٹنر کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی ۔وفاقی وزیر خزانہ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ علی بابا گروپ دنیا کی بہترین ای کامرس کمپنیوں میں شمار ہوتا ہے ۔ عالمی تجارت میں ای کامرس کا کردار بڑھ رہا ہے اور یہ چھوٹ پیمانے پر ایکسپورٹ کر فروغ دے رہا ہے ۔

انہوں نے کہا پاکستان میں ای کامرس فروغ پا رہی ہے اور ہر سال اس شعبے میں تجارت کے حجم میں دوگنا اضافہ ہورہا ہے اور2020تک اس کا حجم 1ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا ۔انہوں نے کہا پاکستان میں ای کامرس کے فروغ کیلئے مناسب انفراسٹرکچر موجود ہے اور موبائل براڈ بینڈ کے صارفین میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس تک 2کروڑ60لاکھ صارفین رسائی حاصل کر چکے ہیں ۔

پاکستان پہلے ہی سے تھری جی اور فور جی ٹیکنالوجی متعارف کرا چکا ہے تقریباً11فیصد موبائل کے صارفین مالیاتی لین دین میں اس کا استعمال کر رہے ہیں ۔ پاکستان جنوبی ایشیا میں موبائل بینکنگ علاقائی لیڈر ہے ۔انہوں نے کہا بڑھتی ہوئی ای کامرس حکومت کی جانب سے کلی اقتصادی ترقی کے مقصد کے لئے معاون ثابت ہوسکتی ہے ۔ اس سے سماجی معاشی ترقی اور غریب عوام بشمول خواتین کو روزگار کی فراہمی ہوسکتی ہے ۔

وزیر خزانہ نے علی بابا گروپ کو پاکستان کے ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر خوش آمدید کہا ۔انہوں نے علی بابا گروپ پر زوردیا کہ وہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹریڈ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں ۔وفد کے ارکان نے کہا کہ ان کو ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر خوشی ہے اور وہ پاکستان میں ای کامرس کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں ۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی ، ٹیلی کمیونیکیشن ، انٹرنیٹ براڈ بینڈ کے شعبے میں ترقی سے متاثر ہیں ۔ پاکستان میں ای کامرس کے فروغ سے اہم مواقع پیدا ہو رہے ہیں ، تاجر اور کمپنیاں ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں ۔(وخ+ن م)