دہشت گردوں کا کوئی مذہب ہے نہ کوئی دین اورنہ ہی کوئی جغرافیائی شناخت، دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے،پنجاب میں بسنے والے پختون ہمارے بھائی ہیں،بے بنیاد پراپیگنڈا کرنیوالے پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ جو آپریشنز ہو رہے ہیں وہ کسی قوم کے خلاف نہیں بلکہ اس کا ہدف دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ہیں،کسی کو سیاست چمکانے کی خاطر تفرقہ پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی، پاکستان کو نقصان پہنچانے والی بات پر سرزنش ہونی چاہیے

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں وفد سے گفتگو

منگل 28 فروری 2017 23:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ مارچ ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، اور پنجاب ایک لڑی میں پروئی ہوئی چار اکائیاں ہیں۔ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بغیر پاکستان کا تصور ناممکن ہے۔ صوبہ پنجاب میں بسنے والے خیبرپختونخوا اوردیگر صوبوںکے لوگ ہمارے بھائی ہیں۔

وہ منگل کو وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی قیادت میں ملاقات کرنے والے خیبرپختونخوا کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ کہیں بھی ہو پورا پاکستان اس پر افسردہ ہوتاہے۔ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی دین۔

(جاری ہے)

دہشت گردو ںکی کوئی جغرافیائی شناخت نہیں، دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے۔

میں صوبے کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ جو سرچ اور کومبنگ آپریشن ہو رہے ہیں وہ کسی ایک قوم کے خلاف نہیں بلکہ اس کا ہدف دہشت گرد اور ان کے سہولت کار ہیں۔ پنجاب میں بسنے والے پختون ہمارے بہن بھائی اور دل کے بے حد قریب ہیں۔ ان کی سکیورٹی ہمیں اتنی ہی عزیز ہے جتنی ہمیں اپنی۔ کسی کو سیاست چمکانے کی خاطر تفرقہ پھیلانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جاسکتی۔

ایسی بات جس سے پاکستان کو نقصان پہنچے اس کی سخت سرزنش ہونی چاہیئے۔ خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب کے عوام کا مشن ہے کہ دہشت گردوں کو نیست نابود کرنا ہے۔بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والے پاکستان کی خدمت نہیںبلکہ بے بنیاد پراپیگنڈا کرنے والے پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں۔خدارا ملک و قوم کی خاطربے بنیاد پراپیگنڈا کرکے وطن عزیز سے دشمنی نہ کی جائے اورملک اور قوم کی خاطر منافرت نہ پھیلائیں اور اس طرح ملک کی جڑوں کو کھوکھلا نہ کریں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ہمارا سانجھا گھر ہے اور ہم یکجان دو قالب ہیں۔ چاروں صوبوں میں بسنے والے عظیم پاکستانی ہیں جو ہمیشہ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو رہتے ہیں۔خیبر پختوانخو، بلوچستان، سندھ،پنجاب، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کا حسین امتزاج ہی خوبصورت پاکستان کی بنیاد ہے۔ہم سب کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کے صوبہ پنجاب میں ایسی کسی بات کا تصور بھی کرنا نا ممکن ہے۔چاروں صوبے ملکر ہی پاکستان کو عظیم بناتے ہیں۔