حکومت کی جانب سے 23آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمانی رہنماؤں کو ارسال کر دیا گیا

پیر 27 فروری 2017 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27فروری۔2017ء) حکومت کی جانب سے 23آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمانی رہنماؤں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق اہم 8واں اجلاس کل سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ میں ہو گا۔ آصف زرداری نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر قانون زاہد حامد اور سپیکر ایاز صادق پر واضح کر دیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے سے قبل وزیراعظم نواز شریف خود ان سے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے ذرائع نے بتایا کہ 3ممبران اسحاق ڈار، زاہد حامد اور ایاز صادق پر پی پی پی کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ نواز شریف خود آصف زرداری سے رابطہ کر یں جبکہ آصف زرداری نے اسحاق ڈار سے فون پر بات کرنے سے انکار کیا ہے۔ فوجی عدالتوں میں توسیع سے متعلق پارلیمانی جماعتوں کا یہ8واں اجلاس ہے تاہم اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تسلسل کے ساتھ عدم شرکت پر بھی سیاسی جماعتوں میں چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے23آئینی ترمیم کا مسودہ بھی پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو ارسال کر دیا گیا ہے۔