پی ایس ایل میں لاہو ر میں فائنل ،حتمی فیصلہ وزیر اعظم کرینگے،ترجمان پنجاب حکومت

پیر 27 فروری 2017 11:28

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27فروری۔2017ء)پنجاب حکومت کے ترجمان مالک محمد احمد نے بتایا کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کا فیصلہ ایپکس کمیٹی کے ہاتھ میں نہیں، یہ پی سی بی کا معاملہ ہے اور پیٹرن ان چیف ہونے کی تحت اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم پاکستان ہی لے سکتے ہیں ۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’صوبائی ایپکس کمیٹی کا کام صوبے کی سکیورٹی معاملات کا جائزہ لے کر اس حوالے سے اہم فیصلے کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس اتوار کو لاہور میں منعقد ہوا جس میں لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے انعقاد کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم میاں نواز شریف پر چھوڑ دیا گیا ہے۔اجلاس میں سکیورٹی کے حوالے سے متعلقہ اداروں نے بھی اپنی رپورٹس پیش کیں اور اس بات کا یقین دلایا کہ پنجاب میں انتظامیہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، مزید یہ کہ قذافی سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کیلئے آنے والے افراد کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں پی ایس ایل کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس میں قذافی سٹیڈیم، اس کی کار پارکنگ اور گردونواح میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سفارشات مرتب کی گئیں ہیں ۔ اس کی علاوہ پی ایس ایل فائنل کے روز لاہور شہر اور اِس کے داخلی اور خارجی راستوں پر معمور سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر مرتب کی گئی سفارشات پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر اعظم پاکستان سے گفتگو کریں گے جس کی بعد پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں ہونے یا نہ ہونے کا حتمی فیصلہ ہو گا ۔