وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے 800ارب روپے مالیت کے وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 430.9ارب روپے جاری کر دیئے

ہفتہ 25 فروری 2017 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار فروری ء)وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے 800ارب روپے مالیت کے وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام سے 430.9ارب روپے جاری کر دیے ہیں تاہم وفاقی وزارتوں اور ڈویڑنوں کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں سستی کے سبب صرف312.27ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوسکے ہیں اور سست روی کے سبب 118.123 ارب روپے کی رقم جاری ہونے کے باوجود خرچ نہ ہوسکی ہے ،اس سست روی کے سبب امکان ہے کہ ان منصوبوں کیلئے مختص کردہ پوری رقم رواں مالی سال خرچ نہ ہوسکے گی، یکم جولائی 2016 سے لیکر24فروری کے درمیان ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری ہونے والے فنڈز کی تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارتوں کیلئے مختص کردہ211ارب روپے مالیت کے ترقیاتی بجٹ میں سے 102.25 ارب روپے خرچ ہوسکے ہیں،ا سپیشل ایریاز کیلئے مختص46.937ارب روپے میں سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 32.589ارب روپے جاری ہوسکے ہیں، ا?زاد جموں و کشمیر نے 12.7ارب روپے ، گلگت بلتستان کیلئے 4.74ارب روپے ، سیفران کیلئے 15.1ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری کارپوریشنوں نے اپنے لیے خود جو ترقیاتی بجٹ 201.425ارب روپے رکھا ہے اب تک اس سے بڑھ کر206.13ارب روپے جاری ہوچکے ہیں، اس طرح کارپوریشنوں نے طے شدہ بجٹ سے اضافی فنڈز ترقیاتی عمل پر خرچ کر لیے ہیں اور مالی سال کے بقیہ چار ماہ کے دوران اس میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 126.65ارب روپے کے بجٹ سے 111.412ارب روپے خرچ کر لیے ہیں جبکہ واپڈا نے اپنے ترقیاتی بجٹ74ارب روپے کے بجٹ کے بجائے 94.70ارب روپے خرچ کر لیے ہیں ، شمالی وزیرستان کے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے مختص کردہ100ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سے 51.73ارب روپے جاری کر د یے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے مختص کردہ پروگرام کے 20ارب روپے میں سے 8ارب روپے ہی خرچ ہوسکے ہیں۔

- شہزاد