سرتاج عزیز کا افغان قومی سلامتی کے مشیر سے رابطہ،حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر تبادلہ خیال

پاکستان میں حالیہ حملوں میں دہشتگرد تنظیم جماعت الحرار ملوث ہے، افغانستان ان کے خلاف فوری کارروائی کرے،مشیر خارجہ کا مطالبہ

جمعہ 17 فروری 2017 20:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ فروری ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اطمر سے ٹیلی فونک رابطہ رابطے میں حالیہ حملوں سمیت دیگر دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں پر تبادلہ خیال جبکہ سرتاج عزیز نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں حالیہ حملوں میں دہشتگرد تنظیم جماعت الحرار ملوث ہے۔

افغانستان جماعت الحرار کے خلاف فوری کارروائی کرے کیونکہ پوری پاکستانی قوم شدید غم و غصے سے دوچار ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر حنیف اطمر کو ٹیلی فون کیا اور انہوں نے پاکستان میں دہشتگردی کی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ حملوں میں افغانستان کی دہشتگرد تنظیم جماعت الحرار ملوث ہے اور اس کی افغانستان میں آماجگاہیں ہیں جہاں سے وہ پاکستان میں دہشتگردی کو آپریٹ کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے بار بار کہنے کے باوجود بھی جماعت الحرار کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا حالانکہ پاکستان اس ضمن میں دہشتگردوں کی لسٹ بھی فراہم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے لئے ضروری ہے کہ وہ مشترکہ طور پر دہشتگردی کے خلاف کارروائی کریں اور دونوں ملکوں میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے تعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشتگردی کو ختم کرنے کے لئے سخت اقدامات کرنے ہونگے۔ اس کے علاوہ سرحد پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے موثر بارڈر منیجمنٹ بھی بنانا ہو گی۔ جبکہ افغان مشیر حنیف اطمر کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔۔۔( علی/اشفاق)

متعلقہ عنوان :