سکھر تا ملتان موٹروے، کراچی۔حیدرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبے سندھ کے عوام کیلئے وفاقی حکومت کا تحفہ ہے ،ْوزیر اعظم

سندھ کے عوام کی سماجی ترقی کیلئے تندہی سے کام کیا جائے ،ْ نواز شریف کی مسلم لیگ (ن)کے وفد سے گفتگو

پیر 13 فروری 2017 22:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 فروری2017ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سکھر تا ملتان موٹروے، کراچی۔حیدرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبے اور توانائی کے پراجیکٹس سندھ کے عوام کیلئے وفاقی حکومت کا تحفہ ہے ،ْسندھ کے عوام کی سماجی ترقی کیلئے تندہی سے کام کیا جائے۔ وہ پیر کو یہاں وزیراعظم ہائوس میں ٹھٹھہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سیّد ایاز علی شاہ شیرازی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت گرین لائن ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ، کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی ایکسپریس وے سمیت کراچی کے عوام کیلئے ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بالخصوص توجہ دے رہی ہے کیونکہ کراچی پاکستان کا اقتصادی مرکز ہے۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ سندھ کے عوام کی سماجی ترقی کیلئے تندہی سے کام کیا جائے کیونکہ دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹھٹھہ کے دورہ اور ایک عوامی اجتماع سے خطاب کی دعوت قبول کی۔ وفد میں رکن صوبائی اسمبلی سیّد اعجاز علی شاہ شیرازی، سابق رکن قومی اسمبلی سیّد شفقت شاہ شیرازی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین ٹھٹھہ حاجی حنیف شامل تھے۔