کراچی، پولیس وین پر کریکرحملہ، پولیس اہلکار بال بال بچ گئے

کوریج کیلئے جانیوالی نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر ملزمان کی فائرنگ سے نجی ٹی وی کا سٹیلائٹ انجینئر جاں بحق

پیر 13 فروری 2017 10:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13فروری۔2017ء)کراچی کے علاقے نارٹھ ناظم آباد فائیواسٹار چورنگی پر پولیس کی وین پر کریکرحملہ ہوا ہے،خوش قسمتی سے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ،تاہم واقعہ کی کوریج کے لیے جانے والی نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نجی ٹی وی کا سٹیلائٹ انجینئر تیمور جاں بحق ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی شب تیموریہ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد فائیواسٹار چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان پولیس کی بکتر بند گاڑی پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے ، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کی وین فائیو اسٹار چورنگی پر تعینات تھی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں بھگدڑمچ گئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے واقعہ کے بعد شواہد اکھٹا کرنا شروع ہی کیے تھے کہ اس دوران فائیو اسٹار چورنگی پر ہی پولیس وین پر کریکر حملے کی کوریج کیلئے جانیوالی نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کردی گئی، واقعے میں سیٹیلائٹ انجینئر تیمور شدید زخمی ہوااور اسے 2 گولیاں سینے میں لگی جبکہ ہیڈ انجری بھی ہیں، زخمی کوتشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی پولیس پر کریکر حملے کے واقعہ کی کوریج کیلئے جارہی تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔