مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے کولگام میں8کشمیریوں کوشہید کر دیا

3 بھارتی فوجی بھی ہلاک

اتوار 12 فروری 2017 16:21

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13فروری۔2017ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع کولگام میں کم از کم 8 کشمیریوں کوشہید جبکہ بیسیوں کو زخمی کر دیا کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ان فراد کو ضلع کے علاقے فرصل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید اور زخمی کیا ۔

(جاری ہے)

شہید ہونے والے نوجوانوں میں سے تین کی شناخت نوپورہ فرصل کے زبیر احمد بٹ ،شوپیان کے اشفاق احمد اور بیج بہاڑہ کے مشتاق احمد یتو کے طور پر ہوئی ہے۔

بھارتی پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی ٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والوںمیں4 افراد مجاہدین تھے۔ پولیس افسر نے کہاکہ دو نوجوانوں کی لاشیں ایک مکان کے ملبے سے برآمد کی گئیں جس کو بھارتی فوج نے کارروائی کے دوران تباہ کیا ہے۔ادھر بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق علاقے میں ہونے والی جھڑپ میں دو بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی۔