یمن میں 10سال سے پھنسے 7 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کی نمائندہ اور دفتر خارجہ حکام نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا

ہفتہ 11 فروری 2017 11:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری2017ء) یمن میں ایک عشرے سے پھنسے 7 پاکستانیوں اور ان کے خاندان کی مشکل آسان ہوگئی۔ ساتوں پاکستانی مچھیرے دفتر خارجہ اور آئی سی آرسی کی مدد سے آزادہوکر وطن واپس پہنچے۔ کراچی اور بلوچستان کے ماہی گیرلگ بھگ دس برس قبل مچھلی کے شکار کے لیے گئے مگر بھٹک کر انٹرنیشنل پانیوں میں پہنچ گئے اور واپس نہ آسکے۔

قسمت ان مچھیروں کو یمن لے گئی جہاں وہ صنعاء شہر کی سینٹرل جیل میں قید کردئیے گئے۔ اپنے پیاروں کو دیکھنے کے خواہش مندوں کی دوریاں ختم ہوگئیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دفترخارجہ کی کوششوں سے 7پاکستانیوں کو رہائی ملی۔ یہ پاکستانی گزشتہ رات اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کی نمائندہ اور دفتر خارجہ حکام نے یمن سے واپس آنے والے 7پاکستانیوں کا ان کے اہل خانہ کے ہمرا ہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

دس برس قبل اپنے پائوں پر چل کر مچھلی کے شکارکے لیے جانے والے ایک ماہی گیر کو وطن واپس پہنچنے پر وہیل چئیر پر ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا۔ انٹرنیشنل لائونج سے باہر آنے پر یہ ماہی گیر اپنوں سے گلے ملے تو فرط جذبات میں ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے ۔

متعلقہ عنوان :