شرجیل خان اور خالد لطیف کے بارے میں تحقیقات دس سے پندرہ روز میں مکمل ہوجائیں گی،نجم سیٹھی

پی ایس ایل ،شاہ زیب حسن، ذوالفقار بابر اور عرفان پوچھ گچھ کے بعد کلیئر پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے، شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا تھا ان کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں ، پی سی بی

ہفتہ 11 فروری 2017 22:53

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12فروری۔2017ء)شاہ زیب حسن، ذوالفقار بابر اور محمد عرفان کو پوچھ گچھ کے بعد کلیئر کردیا گیا ہے اور انہیں پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران بک میکرز مافیا کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز سے رابطے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرکے وطن واپس بھیج دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان دونوں کرکٹرز کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کی معطلی کے بعد شاہ زیب حسن۔ ذوالفقار بابر اور محمد عرفان سے پوچھ گچھ کی تھی۔محمد عرفان پوچھ گچھ کے بعد ہفتے کے روز لاہور قلندر کے خلاف میچ نہیں کھیلے۔پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ روز ٹویٹ کیا ہے کہ بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر رابطے کے سلسلے میں اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر محمد عرفان سے پوچھ گچھ کی ہے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ پاکستان سپر لیگ کو بدعنوانی سے بچانے کے لیے چوکس رہے گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کے خلاف یہ کارروائی ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ سے مبینہ طور پر ان کے رابطے کے بعد عمل میں آئی ہے جو پاکستان سپر لیگ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو معطل کر دیا تھا اور ان دونوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا۔شاہ زیب حسن کراچی کنگز کی جانب سے کھیل رہے ہیں جبکہ ذوالفقار بابر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے یہ کارروائی پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ کے بعد کی۔

پاکستان سپر لیگ میں یہ اینٹی کرپشن کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔۔دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر عبوری طور پر معطل ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز شرجیل خان اور خالد لطیف کے بارے میں تحقیقات دس سے پندرہ روز میں مکمل ہوجائے گی جبکہ شرجیل خان کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور انشاء اللہ تحقیقات کے بعد کلیئر ہوجائے گا ۔

اپنے ایک بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ معطل ہونے والے دو کھلاڑیوں کے علاوہ جن تین کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی گئی تھی وہ کلیئر ہیں اور باقی کھلاڑیوں کو بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل میں حصہ لینے والے دیگر کھلاڑیوں پر اینٹی کرپشن کوڈ کے مطابق نظر رکھی جائے گی لیکن مذید کسی کھلاڑی سے پوچھ گچھ کی ضرورت نہیں ہے ۔

اگر کسی کھلاڑی سے کوئی بکی رابطہ کرے تو اس کو فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو بتادینا چاہئے ۔دوسری طرف شرجیل خان کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بے گناہ ہے اور انشاء اللہ تحقیقات کے بعد کلیئر ہوجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ شرجیل خان سے میری بات ہوئی ہے اور شرجیل جس ہوٹل میں ٹھہرا تھا وہاں پر 1500کمرے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ کسی مشتبہ شخص سے لابی میں یا کہیں اس کی ملاقات ہوگئی ہو لیکن اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ انشاء اللہ وہ تحقیقات میں بے گناہ ثابت ہوگا ۔