جنگیں محض ہتھیاروں سے نہیں لڑی جاتیں جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے،چوہدری نثار

جمعہ 10 فروری 2017 14:33

کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ جنگیں محض ہتھیاروں سے نہیں لڑی جاتیں ‘ جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے‘ ہماری فوج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں جن میں جذبہ شہادت ہو انہیں کوئی نہیں ہرا سکتا‘ دشمن سامنے نہیں آتا وہ چھپ کر وار کرتا ہے‘ دشمن اسلام کا نام استعمال کرتا ہے، اسلام کو بدنام کرتا ہے‘ قوم اپنے شہیدوں ‘ مجاہدوں کا احسان کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

جمعہ کو کھاریاں میں قومی مربوط انسداد دہشت گردی کے 9ویں کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے پاکستان کو مختلف خطرات کا سامنا رہا ہے۔ خطرہ صرف سرحدوں ہی سے نہیں ملک کے اندر چھپے دشمن سے بھی ہے۔

(جاری ہے)

دشمن سامنے نہیں آتا وہ چھپ کر وار کرتا ہے۔ دشمن اسلام کا نام استعمال کرتا ہے اسلام کو بدنام کرتا ہے۔

ہماری افواج کی قربانیوں سے قائم ہونے والا امن دنیا کے لئے مثال ہے۔ قوم اپنے جوانوں‘ شہیدوں اور مجاہدوں پر فخر کرتی ہے۔ قوم اپنے شہیدوں ‘ مجاہدوں کا احسان کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں محض ہتھیاروں سے نہیں لڑی جاتیں ‘ جنگوں کے لئے جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے‘ ہماری فوج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جذبہ ایمانی سے سرشار ہیں‘ جن میں جذبہ شہادت ہو انہیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔

اس سے پہلے جب وزیر داخلہ قومی انسداد دہشت گردی سنٹر کھاریاں پہنچے تو ان کا استقبال کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے کیا جبکہ آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے بھی ان کا استقبال کیا۔ وزیر داخلہ کو سینٹر کے تربیتی معیار اور کردار کو بڑھانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چوہدری نثار نے کورس مکمل کرنے والے اہلکاروں کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی۔

کورس میں تقریباً چار سو اہلکار تربیت مکمل کررہے ہیں۔ بعد ازاں ٹریننگ حاصل کرنے والے جوانوں نے عملی مشقوں کا مظاہرہ بھی کیا۔ این سی ٹی سی تربیتی سنٹر میں سکیورٹی اداروں کو انسداد دہشت گردی کی تربیت دی جاتی ہے۔ تربیت حاصل کرنے والے اداروں میں رینجرز‘ ایف سی اور پولیس شامل ہے۔ اسلام آباد پولیس اور گلگت پولیس اہلکار بھی تربیت پانے والوں میں شامل ہیں۔ تربیتی سینٹر میں 2014 سے سکیورٹی اداروں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ 2014 سے اب تک 4291اہلکاروں کو تربیت دی جاچکی ہے 2014 سے قبل این سی ٹی سی کو سریع الحرکت سنٹر کہا جاتا تھا۔

متعلقہ عنوان :