وزیر اعظم کی کراچی کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے کی ہدا یت

ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ، وفاقی حکومت نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے، نواز شریف

جمعہ 10 فروری 2017 14:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2017ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کراچی کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے سمیت امن و امان ‘ توانائی بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبے میں بہتری لانے کے لئے وفاقی حکومت کے منصوبوں کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور گورنر سندھ محمد زبیر عمر کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی اور سندھ حکومت میں تعاون بڑھانے سمیت ترقیاتی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے ملاقات میں کیا جس میں ملک وصوبے کی سیاسی ‘ معاشی اور امن و امان سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے وفاقی حکومت نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور عوام کی فلاح کے لئے توانائی ‘ بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبے میں متعدد منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے جن میں پورٹ قاسم ‘ اینگرو ‘ تھر ‘ جمپیر میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے اور شہر میں کوئلے کی کان کنی شروع کرنا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو ساتھ ملا اتفاق رائے سے کراچی میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنایا گیا ہے جس کے بعد شہر کی اقتصادی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے خوشحال کراچی اور پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے کراچی ‘ حیدر آباد موٹر وے کی تکمیل شدہ حصے کا افتتاح اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کر کے عوام کے لئے سہولت کے دروازے کھول دیئے ہیں اور ان کے علاوہ گرین لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے میں بھی مکمل کر رہے ہیں ۔

جس کے نتیجے میں خوشحالی آئے گی اور کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام اس سے مستفید ہو سکیں گے ۔ وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو تلقین کی کہ وہ سندھ میں وفاقی حکومت کی شروع کردہ منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان چپقلش کے خاتمے اور تعاون بڑھانے کے لئے پل کا کردار ادا کریں تاکہ عوام حقیقی معنوں میں حکومت کے شروع کردہ منصوبوں سے مستفید ہو سکے ۔ گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے اعتماد کے اظہار وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دلایا کہ وہ اپنے منصب کا استعمال ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح اور خدمت کے لئے کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :