پاکستان سپر لیگ کو بڑا دھچکا ‘ پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کردیا

کیس کے حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں، تاہم یہ تحقیقات کرکٹ کے کھیل کو کرپشن سے پاک رکھنے کے ہمارے عزم کا عملی مظاہرہ ہے، کھلاڑیوں کی کسی کرپٹ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے اور تحقیقات کے آگے بڑھنے پر مزید فیصلہ کن کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے،پی ایس ایل چیئر مین نجم سیٹھی

جمعہ 10 فروری 2017 22:23

د بئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11فروری۔2017ء)پاکستان سپر لیگ کو بڑا دھچکا ‘پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کردیا۔پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کی حصے کے طور پر عبوری طور پر معطل کیا۔بیان کے مطابق پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا، جبکہ تحقیقات میں انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ (آئی سی سی) بھی کرکٹ بورڈ کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔

اقدام کے حوالے سے پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ’کیس کے حوالے سے فی الحال کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں، تاہم یہ تحقیقات کرکٹ کے کھیل کو کرپشن سے پاک رکھنے کے ہمارے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ’ہم کھلاڑیوں کی کسی کرپٹ سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے اور تحقیقات کے آگے بڑھنے پر مزید فیصلہ کن کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ’اس کیس کے حوالے سے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) کی آئی سی سی کے اے سی یو کے تعاون سے اب تک کی تحقیقات متاثر کن رہی ہے جسے مزید آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :