سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی 3 شوگر ملز کو عبوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا

جمعرات 9 فروری 2017 13:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 فروری 2017ء): سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی تین شوگر ملز بند کرنے کا عبوری حکم جاری کر دیا ۔ سپریم کورٹ میں جہانگیر ترین نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے سماعت کرتے ہوئے شریف خاندان کی تینوں شوگر ملز بند کرنے کا عبوری حکم جاری کر دیا ہے ۔ ان شوگر ملوں میں چوہدری، اتفاق اور حسیب وقاص شوگر ملیں شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاہو ر ہائیکورٹ کا حکم نامہ کالعدم قرار دے دیا۔ جسٹس ثاقب نثار نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اس ضمن میں سولہ فروری سے سماعت کا آغاز کر کے ایک ہفتے میں فیصلے کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

جبکہ مقدمات کی سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں کی جائے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شوگر ملز اور ان کے ٹرانزیکشن سے متعلق شریف خاندان کو اجازت دی تھی۔جس پر لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی جہانگیر ترین نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔ اپنی درخواست میں جہانگیر ترین نے موقف اختیار کیا تھاکہ جنوبی پنجاب میں نئی شوگر ملیں لگانے پر پابندی عائدہے لیکن شریف خاندان نے تین نئی ملیں لگائی اور کاغذات میں ظاہر کروایا کہ یہ پاور پلانٹس کی فیکٹریاں ہیں۔

بعد ازاں سامان کی ٹرانزیکشن کے لیے یہ کہہ کر اجازت لی گئی کہ کام شروع ہو گیا ہے اور سامان تیار ہے جس پر لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کو اجازت دے دی۔ جہانگیر ترین نے اپنی درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا اور کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کرپشن کو تحفظ دینے کے مترادف ہے۔ جہانگیر ترین کی درخواست منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے آج سماعت کرتے ہوئے شریف خاندان کی تینوں شوگر ملز جن میں اتفاق ، چوہدری اورحسیب وقاص ملز شامل ہیں، پر عبوری پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

متعلقہ عنوان :