عمران خان نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی

بدھ 8 فروری 2017 20:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2017ء)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ریفرنس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے الیکشن کمیشن میں زیر التواء ریفرنس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

(جاری ہے)

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ زائد المیاد ہوجانے کی وجہ سے عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر ریفرنس پر الیکشن کمیشن سماعت نہیں کر سکتا، آئین کے مطابق الیکشن کمیشن 90 دن کے اندر اندرکسی بھی ریفرنس پر فیصلہ کرنے کا پابند ہے ، 5 ستمبر کو اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن میں منتقل کیا تھا ، 4 دسمبر تک نوے دن مکمل ہونے کے بعد اب جب تک آئین میں ترمیم نہیں کریں گے الیکشن کمیشن سماعت نہیں کر سکتا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی کارروائی کو روکنے کا حکم دے ۔ درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سیکرٹری قانون اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ڈویژن کو فریق بنایا گیا ہے۔