انسداد دہشت گردی عدالت نے سلیم شہزا د کو جیل بھیج دیا، مزید سماعت18فروری تک ملتوی

منگل 7 فروری 2017 13:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8فروری۔2017ء)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سلیم شہزاد کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا ، عدالت نے سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت کی سماعت 18فروری تک ملتوی کرکے جوڈیشل کسٹڈی پر جیل بھیج دیا۔منگل کے روز متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سلیم شہزاد کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں انتظامیہ کی جانب سے پیش کیا گیا جس میں سلیم شہزاد کا دہشت گردوں کے علاج کرانے والے کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

عدالت میں سلیم شہزاد نے کہا کہ میں نے سوچا نہیں تھا کہ کراچی ایئرپورٹ پر پکڑا جائوں گا ، میں کینسر کا مریض ہوں 21 روز بعد میری کیموتھراپی ہوتی ہے پولیس نے میرا سامان اور دوائیں ضبط کرلی ہیں میرے پاس کپڑے نہیں ہیں مجھے فراہم کی جائیں ۔عدالت نے سلیم شہزاد کو طبی سہولیات مہیا کرنے کا حکم دیا اور تفتیشی افسر کوبھی ہدایت کی کہ سلیم شہزاد کو ان کا سامان حوالے کئے جائے۔عدالت نے سلیم شہزاد کی درخواست ضمانت کی سماعت18فروری تک ملتوی کرکے انہیں جوڈیشل کسٹڈی پر جیل بھیج دیا ۔