تحریک انصاف کے بانی رہنما طاہر عمرزئی(ن) لیگ میں شامل

طاہر عمرزئی نے شمولیت کا اعلان مشیر وزیراعظم امیرمقام کیساتھ پریس کانفرنس کے دوران کیا پرویز خٹک نے مجھے منا نے کی زحمت ہی نہیں کی،نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے،امید ہے وہ خیبر پختونخواہ کی ترقی وخوشحالی کیلئے بھی کام کرینگے ،طاہرعمرزئی کی گفتگو

پیر 6 فروری 2017 14:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7فروری۔2017ء)تحریک انصاف کے بانی رہنمائوں میں سے ایک اور عمران خان اور پرویز خٹک کے قریبی دوست محمد طاہر خان عمرزئی نے باقاعدہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ۔پیر کے روز محمد طاہر خان عمرزئی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنمائوں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور طاہر خان عمرزئی نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت میاں نوازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران محمد طاہر خان عمرزئی نے باقاعدہ (ن)لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طاہر عمرزئی نے کہا کہ پرویز خٹک میرے خدشات سے بخوبی واقف ہیں مگر انہوں نے مجھے روکنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی اور میں نے پی ٹی آئی کی بنیاد اصولوں پر رکھی تھی اور1990ء میں جو ہم نے طے کیا تھا اس کے مقابلے میں چیزیں مکمل طور پر بدل چکی ہیں اور تحریک انصاف اپنے نظریہ کو بھول گئی ہے اور اب صرف سٹیٹس کو کو پرموٹ کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کیساتھ میرا کوئی لینا دینا نہیں ہے جن کے بارے میں کچھ بانی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کے ایجنڈے کو ہائی جیک کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب میں نے مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی ہے اور میاں نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ، امید ہے کہ مسلم لیگ (ن) پورے ملک کی ترقی کیساتھ ساتھ خیبرپختونخواہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی کام کرے گی ۔واضح رہے کہ محمد طاہر خان عمرزئی تحریک انصاف کے بانیوں میں سے ایک ہیں اور ان کو منانے کی ذمہ داری سپیکر خیبرپختونخوا اسد قیصر کو سونپی گئی تھی اور وہ ان کو منا نے میں ناکام رہے ۔