پیپلز پارٹی کا سندھ کابینہ میں نئے وزراء شامل کر نے کا فیصلہ

نئے آ ئی جی سندھ کی تقرری بھی کی جا ئے گی ، کسی غیر منتخب رہنما کوسرکاری عہدہ نہ دیا جائے زرداری کی تمام فیصلوں پرفریال تالپور کو اعتماد میںلینے کی ہدایت

پیر 6 فروری 2017 16:22

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7فروری۔2017ء)پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کابینہ میں نئے وزراء شامل اور نیا انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا البتہ پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کی جانب سے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ پر واضح کر دیا گیا ہے کہ کسی غیر منتخب رہنما کوسرکاری عہدہ نہ دیا جائے جبکہ تمام فیصلوں پرفریال تالپور کو اعتماد میں لیا جائے۔

اطلاعات کے مطابق یہ فیصلے سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری سے وزیر اعلٰی سندھ کی پیر کے روز دبئی میںہونے والی ملاقات میںکیے گئے جس میں ملک و سندھ کی سیاسی و امن و امان کی صورتحال اور قومی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ کراچی کی سیاسی و امن و امان کے قیام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سندھ کابینہ میں نئے وزراء شامل کر نے کا فیصلہ کیا گیا البتہ آصف زرداری نے وزیر اعلٰی سندھ پر واضح کر دیا کہ کسی بھی غیر منتخب رہنما کو سرکاری عہدہ نہ دیا جائے،میڈیا پر آنے والی اطلاعات کے مطابق نئے وزراء کی فہرست میں امتیاز شیخ،ڈاکٹر سراب خان سرکی اور سید اویس قادر شاہ کے نام شامل ہیں تاہم اس حوالے سے مشاورت کے لیی(آج) منگل کو وزیر اعلٰی سندھ کی جانب سے وطن واپسی کے بعد پارلیمانی ارکان کا اجلاس طلب کیا گیاہے جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے سندھ کے نئے آئی جی پولیس کی تعیناتی کا ٹاسک بھی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سونپ دیا ہے اور ان کو ہدایت کی ہے کہ ان تمام فیصلوں پرپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو اعتماد میں لیا جائے جب کہ شریک چیرمین نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جن کو ملاقات میں ہونے والے اہم فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا۔