ریلوے کوچز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ان میں سفر کی بہترین سہولتیںفراہم کی جا ئیں، وفا قی وزیر خواجہ سعد رفیق کی ہدایت

ہفتہ 4 فروری 2017 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2017ء)وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کوچز کی اپ گریڈیشن کرتے ہوئے ان میں سفر کی بہترین سہولتیںفراہم کرنے کی ہدایت کر دی ، لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر ریلوے کوچز کی اپ گریڈیشن کے ایک بڑے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرینوں میں نہ صرف انائونسمنٹ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کیاجائے جس کے تحت ہر شہرکی آمد اس کے نام اور وہاں سٹاپ کرنے کی مدت کاباقاعدہ اعلان ہو بلکہ تمام کوچز میں مقامی اوقات کے مطابق اذان کا بھی اہتمام کیاجائے ، اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد جاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویزاور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، خواجہ سعد رفیق نے ذاتی طورپر اکانومی ، اے سی سلیپر اور بزنس کلاس کی مختلف بوگیوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ اب ریلوے کی کسی بھی بوگی میں سب سٹینڈرڈ میٹریل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر ریلویز نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی معیار کے اداروں سے کھلے مقابلے کے بعد بہترین سامان خرید کر بوگیوں میں لگایا جائے، انہوں نے مختلف بوگیوں میں کھڑکیوں کے سائز کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ایسا شیشہ استعمال کیا جائے جس میں مسافرباآسانی باہر دیکھ سکیں مگر ٹرین کے اندر دیکھا ممکن نہ ہوتا کہ سفر کو بہترین طریقے سے انجوائے کیاجاسکے، انہوں نے اس امر کابھی نوٹس لیاکہ مختلف بوگیوں میں لگی ہوئی ایل سی ڈیز کام نہیں کررہیں جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا، وزیر ریلویز نے ہدایت کی کہ بوگیوں کے اندر واش روم بہترین معیار کے ہوں ، خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز صرف مال اور مسافروں کی نقل و حمل کا کام نہیں کرتی بلکہ یہ پاکستان اور پاکستانیوں کے درمیان ایک زنجیر کے طور پر کام کرتی ہے اور ان کا یہ عزم ہے کہ اس زنجیر کو مضبوط بنایا جائے گا،وفاقی وزیر نے کہا کہ قلیل مدت میں پاکستان ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں ڈیڑھ کروڑ کا اضافہ ہواہے اور وہ وقت دور نہیں جب ٹریک کی اپ گریڈیشن کے بعد لاہور سے راولپنڈی کے درمیان سفر صرف اڑھائی گھنٹے میں طے کیاجائے گا اور ہماری ٹرینیں کراچی سے لاہور دس سے بارہ گھنٹوں میں پہنچا کریں گی اور پھر کروڑوں پاکستانیوں کی سفر کے لئے پہلی ترجیح پاکستان ریلوے ہی ہوگی۔