سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری ،پانامہ کیس شامل نہیں

ہفتہ 4 فروری 2017 13:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء)سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کیلئے کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے ،جسٹس شیخ عظمت سعید علالت کے باعث کسی بینچ م کا حصہ نہیں ہیں لہذا پانامہ کیس کی سماعت نہیں ہوگی ۔ جسٹس گلزاراحمد سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کرینگے ،پانامہ لیکس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کاپانچ رکنی بینچ کررہاتھاکہ جسٹس شیخ عظمت سعیدکی اچانک طبیعت ناسازی کی بناء پرمقدمہ کی سماعت ملتوی ہوئی تھی ،آخری سماعت میں بنچ کے رکن جسٹس کھوسہ نے قراردیا تھا کہ جسٹس شیخ عظمت سعیدکی طبیعت ٹھیک ہونے پرسماعت دوبارہ شروع ہوگی ۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثارنے جمعہ کی شام جوبنچ تشکیل دئیے ہیں ان میں پانامہ لیکس کے مقدمے بارے بینچ شامل نہیں ،بلکہ پانامہ بینچ کے ممبران کومختلف بینچوں کاسربراہ بناکرعلیحدہ علیحدہ بینچز میں بھیج دیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

تاہم جسٹس عظمت سعیدطبیعت ناسازی کی بناء پرکسی بینچ میں شامل نہیں ہیں ۔آئندہ ہفتے کی کازلسٹ میں پانامہ کیس شامل نہیں ۔

اسلام آبادرجسٹری میں چاربینچ مقدمات کی سماعت کریں گے،بنچ نمبر1میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ مقدمات کی سماعت کریگا،جسٹس اعجازافضل ،جسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل بنچ کمراعدالت نمبر4میں مقدمات کی سماعت کریگا،کمرہ عدالت نمبر2میں جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ مقدمات سنے گا۔کمرہ عدالت نمبر3میں جسٹس امیرہانی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ مقدمات سنے گا۔جسٹس گلزاراحمدآئندہ ہفتے کراچی رجسٹری میں مقدمات سنیں گے۔چیف جسٹس ثاقب نثارنے پہلے ہی خودکوپانامہ کیس سے الگ کررکھاہے