آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے انتخابی حلقوں کے اراکین اسمبلی نے استعفے دیدئیے

آصف زرداری کی وطن واپسی کے شیڈول کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کئے جائیں گے،ذرائع

جمعہ 3 فروری 2017 12:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2017ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری اور چےئرمین بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن لڑنے کے حوالے سے متعلقہ حلقوں کے پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی سے استعفے لے لئے گئے ہیں،آصف علی زرداری کی وطن واپسی کے شیڈول کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کئے جائیں گے،پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری الیکشن لڑیں گے لیکن اس بات کا فیصلہ ان کی وطن واپسی کے شیڈول کے بعد کیا جائے گا اور اس بات کا بھی فیصلہ کیا جائے گا کہ چےئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلے الیکشن لڑیں گے یا آصف علی زرداری پہلے الیکشن لڑیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بعض لوگ یہ بات کر رہے ہیں کہ پانامہ لیکس کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے جس کی وجہ سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن لڑنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا جارہا یہ بات بالکل غلط ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کے حوالے سے یہ طے کرلیا گیا ہے کہ الیکشن ضرور لڑا جائے گا لیکن جب آصف علی زرداری کی وطن واپسی کا شیڈول سامنے آجائے گا تو پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین جن کی سیٹ سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن لڑنا ہے ان کے استعفے سپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروا دئیے جائیں گے۔

استعفے پہلے اس لئے نہیں دئیے جارہے کہ ایسا نہ ہو کہ سابق صدر کی وطن واپسی میں تاخیر ہو اور استعفے دے دئیے جائیں پر پراسس شروع ہوجائے گا۔ذرائع نے کہا کہ پانامہ لیکس میں فیصلہ اگر وزیراعظم کے حق میں بھی آجائے تو بھی مسلم لیگ نواز کی خواہش ہوگی کہ وہ ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے مقررہ مدت سے پہلے الیکشن کا اعلان کردے گی،اگر فیصلہ وزیراعظم کے خلاف آیا تو پھربھی الیکشن ہی کرائے جائیں گے ،دونوں صورتوں میں ہی مسلم لیگ(ن) کی کوشش ہوگی کہ الیکشن ہی کرائے جائیں۔ذرائع نے کہا کہ آصف علی زرداری کے الیکشن لڑنے کا فیصلہ ان کی وطن واپسی کے شیڈول کے بعد کیا جائے گا