وزیر داخلہ چوہدری نثار سے یورپی یونین کے سفیر کاٹین فرینکوئس جین کی ملاقات

نئی ا سٹریٹیجک پارٹنر شپ اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 3 فروری 2017 12:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2017ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے یورپی یونین کے سفیر کاٹین فرینکوئس جین کی ملاقات ،نئی ا سٹریٹیجک پارٹنر شپ اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے یورپی یونین کے سفیر کاٹین فرینکوئس جین نے ملاقات کی جس میں یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ شروع کی جانے والی نئی سٹریٹیجک پارٹنر شپ اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر باڈر مینجمنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے سلسلے میں مربوط اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

یہ عمل 2020 تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ انٹرنیشنل این جی اوز کے نئے قوانین کے تحت پچاس سے زائد آئی این جی اوز کو باقاعدہ منظوری دی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

باقی ماندہ این جی اوز کی منظوری کا عمل آئندہ چھ ماہ میں مکمل کر نے کی کوشش کی جارہی ہے۔ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی پاداش میں ڈی پورٹ کیے گئے افراد کو صرف اسی صورت قبول کیا جائے گا جب انکی شہریت کی تصدیق کر لی جائے گی،یورپی یونین کے سفیر کاٹین فرینکوئس جین نے کہا کہ انسداد دہشت گردی، امن و امان کی بہتری اور غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں اور اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔