لاہور، چاکلیٹ کی تیاری میں ممنوعہ کوکوا ملک اور کیمیکل ملے اجزاء کے استعمال پر ایس زی نامی فیکٹری سیل

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں،متعدد ہوٹلوں، ریسٹورانوں کو 51ہزر کے جرمانے، وارننگ جاری

جمعرات 2 فروری 2017 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2017ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صحت مند پنجاب پروگرام کی کامیابی اور عوام کو صحت مند خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے کاہنہ نو میں کارواء کرتے ہوئے ایس زی فوڈز نامی معروف چاکلیٹ بنانے والی فیکٹری کو ناقص اجزاء کے استعمال پر سیل کر دیا۔

ڈائریکٹر آپریشنز رافیعہ حیدر نے کاروائی کے دوران چاکلیٹ کی تیاری میں ممنوعہ کوکوا ملک اور کیمیکل کا استعمال کی بنا پر فیکٹری کو سیل کیا۔ باگڑیاں چوک میں گولڈن ہوٹل کو ملازمین کی ناقص جسمانی حالت ، کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر نہ رکھنے،حشرات کی روک تھام کے نہ مناسب انتظامات، کھلی گندی نالیوں، کھانے پینے کی اشیاء کو پاؤں کی سطح پر رکھنے، فریزرز میں گندگی، مکسنگ مشینوں کی ناقص حالت،پراسسنگ ایریا میں سے انتہائی گندی سمیل اور خام مال کو سٹور کرنے کے ناقص انتظامات کی بنا پر 25ہزار روپے جرمانہ، بسم اللہ ہوٹل اینڈ نان شاپ کو ملازمین کی ناقص جسمانی حالت ، اشیاء خوردونوش کو ڈھانپ کر نہ رکھنے، حشرات کی روک تھام کے نامناسب انتظامات، اشیاء کی سٹوریج کے لیے نیلے کیمیکل والے ڈرم استعمال کرنے، بچا کھچا کھانا استعمال کرنے، فریزرز میں گندگی اور پراسیسنگ ایریا کی ناقص حالت کی بنا پر 15ہزار روپے جرما نہ کیا۔

(جاری ہے)

کچا جیل روڈ پر جیو فرید نان شاپ کو ملازمین کی ناقص جسمانی حالت، حشرات کی روک تھام کے نامناسب انتظامات ، ملازمین کے ہیڈ کور اور دستانے استعمال نہ کرنے،کھانے پینے کی اشیاء پر مکھیوں کی بھرماراوراوور فرائڈ تیل فرائنگ کے لیے استعما ل کرنے پر 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔جدہ چوک، کریم بلاک میں رحمان سجی ہاؤس کو اشیا ء خوردونوش کو ڈھانپ کر نہ رکھنے، ملازمین کی ناقص جسمانی حالت اور اور واشنگ ایریا نامناسب ہونے کی وجہ سے 4ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

سردار چپل چوک میں واسا واٹر فلٹریشن پلانٹ سے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے پانی کے نمونہ جات حاصل کیے۔ کوٹلی گشی ہربنس پورہ میں ٹی ایم اے واٹر فلٹریشن پلانٹ سے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے پانی کے نمونہ جات حاصل کیے ۔ میری ڈان سویٹس اینڈ بیکرز کو گندے فریزرز ،گندی دیوراوں اور حشرات کی روک تھام کے نامناسب انتظامات کی بنا پر 2500روپے جرمانہ عائد کیا۔لال پل ٹی ایم اے واٹر فلٹریشن پلانٹ سے پانی کے نمونہ جات حاصل کیے۔

متعلقہ عنوان :