نوازشریف قوم کو بتائیں قطری شہزادوں نے کن خدمات کے عوض فلیٹس دیئے؟عمران خان

پاناما کیس میں خطوط کے ذریعے وزیراعظم کو بچانے والا قطری شہزادہ کرپٹ ترین آدمی ہے نواز حکومت نے ایل این جی اور پورٹ قاسم کا کنٹریکٹ قطری کو دیا ، گزشتہ سات ماہ میں شریف خاندان نے قطری کا کبھی نام نہیں لیا ،جب سے سپریم کورٹ آئے ہیں کبھی قطری ون اور کبھی قطری ٹو آجاتا ہے ، ان لوگوں کی ساری منی ٹریل قطری ہے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 1 فروری 2017 11:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2017ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں خطوط ارسال کر کے وزیراعظم کو بچانے والا قطری شہزادہ کرپٹ ترین آدمی ہے،قطری شہزادہ شریف خاندان کا بزنس پارٹنر ہے ،نواز حکومت نے ایل این جی اور پورٹ قاسم کا کنٹریکٹ قطری کو دیا ، گزشتہ سات ماہ میں شریف خاندان نے قطری کا کبھی نام نہیں لیا ،جب سے سپریم کورٹ آئے ہیں کبھی قطری ون اور کبھی قطری ٹو آجاتا ہے ، قطری شہزادوں نے شریفوں کو اربوں روپے کے فلیٹس کونسی خدمات کے عوض دیئے ، نوازشریف قوم کو آگاہ کریں،سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس انکشافات سے دنیا میں تہلکہ مچا، پاناما لیکس میں آنے والے ناموں سے کسی نے انکارنہیں کیا، کارروائی کے دوران وکیل نے 3بار کہا کہ عدالت کے پاس اختیارنہیں ہے، پہلی بار انہوں نے مانا کہ لندن کے فلیٹس ہمارے ہیں جب کہ پہلے انہوں نے صاف انکارکیا تھا کہ فلیٹ ہمارے نہیں ہیں تو لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں کیا حاتم طائی نے انہیں رہنے دیا تھا، 15ملین درہم کا حساب ہم کہاں سے لائیں گے اور ملکیت تسلیم کرلی تو اب انہوں نے ہی جواب دینا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی میں کہا کہ ان کے پاس تمام دستاویزات موجود ہیں خود کو احتساب کے لئے پیش کرتے ہیں لیکن اب ان سے یہ پوچھا جارہا ہے کہ انہوں نے اسمبلی کی صحیح بات کی تھی یاعدالت میں، گلف اسٹیل 15ملین درہم نقصان دے رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ 1993سے لے کر 2006تک فلیٹس قطری کے نام تھے اور لندن فلیٹس کا 13سال کا کرایہ 30کروڑ بنا ہے۔

یہ کرایہ کس نے ادا کیا ،جب بھی ثبوت مانگو تو قطری حاتم طائی بن کر آجاتا ہے ۔عمران خان کا نے کہا کہ قطری کرپٹ ترین آدمی ہے اس پر کیسز ہیں، ایل این جی اورپورٹ قاسم کا کنٹریکٹ قطری کودیا گیا، وہ پاکستانی قوم کونقصان پہنچا کرقطری کو فائدہ پہنچا رہے ہیں، التوفیق کا پیسا کہاں سے آیا، کہتے ہیں قطری سے آیا، جب سے سپریم کورٹ میں آئے ہیں قطری ون اورقطری ٹوآگیا ہے، پچھلے 7ماہ میں ان لوگوں نے کبھی قطری کا نام نہیں لیا، ان کی ساری منی ٹریل قطری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کی تلاشی لی جارہی ہے تو وہ قانون کے پیچھے چھپ رہے ہیں جب کہ وزیراعظم قانون کے پیچھے نہیں چھپ سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بڑے چوروں کا ملک میں احتساب نہیں ہورہا اس لئے جیلوں میں پڑے چھوٹے چھوٹے چور جو عرصے دراز سے سڑ رہے ہیں انہیں بھی چھوڑ دیا جائے ۔