کراچی،ایم کیو ایم کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر ذیشان کے سنسنی خیز انکشافات

سیاسی مخالفین سمیت 15 افراد کے قتل کا اعتراف

منگل 31 جنوری 2017 13:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2017ء )متحدہ قومی موومنٹ کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر ذیشان نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے سیاسی مخالفین سمیت 15 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاوٴن سے گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلر ذیشان نے شہر میں قتل، بھتہ خوری، چائنا کٹنگ سمیت دیگر سنگین جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے 15 افراد کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ٹارگٹ کلر نے اپنے بیان میں بتایا کہ چائنہ کٹنگ اورزمین کے تنازعوں پر پیپلز پارٹی سمیت مختلف سیاسی مخالفین کے 15 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا اور بھتہ نہ دینے پر کاروباری مراکز پر دستی حملے بھی کیے۔ٹارگٹ کلر کے مطابق اس کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کے عسکری ونگ سے ہے اور اْسے قتل، دستی حملے اور زمین پر قبضے سمیت دیگر جرائم کے لیے ہدایات سیکٹر انچارج اسلام فوجی دیا کرتا تھا۔

واضح رہے کہ ٹارگٹ کلر ذیشان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک مشترکہ کارروائی میں سرجانی ٹاوٴن سے حراست میں لیا تھا جس سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلر سے تحقیقات جا ری ہیں اور مزید ہولناک انکشافات کی توقع ہے جس کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔