غازی رشید قتل کیس میں اہم پیش رفت،مشرف کا کیس کا سامنا کرنے کا فیصلہ

کیس کی تیاری کرنے کے ساتھ عدالت میں پیشی کے لیے سیکورٹی بھی مانگ لی

منگل 31 جنوری 2017 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2017ء) عبدالرشید غازی قتل کیس میں اہم پیش رفت، پرویزمشرف نے کیس کا سامنا کرنے کا فیصلہ کر لیا ،کیس کی تیاری کرنے کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کے لیے سیکورٹی بھی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادر میمن نے پرویز مشرف کے ریڈ روانٹ جاری کر کے انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کی درخواست پرسماعت کی۔

پرویز مشرف کے وکیل ملک طاہر کی جگہ نئے وکلاء اختر شاہ اور عبدالوحید صدیقی پیش ہوئے اور عبدالوحید صدیقی نے اپنا وکالت نامہ بھی جمع کرایا۔ سابق صدر کے وکلاء نے سماعت کے دوران فاضل جج سے استدعا کی کہ سابق صدر کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر دلائل دینے کے لیے وقت دیا جائے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ڈی ایچ اے میں مشرف کا پلاٹ ہولڈ کر دیا گیا ہے جبکہ آئندہ سماعت پر ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے یا نہ کرنے پردلائل ہوں گے اور پرویز مشرف کی طرف سے آنے والی درخواست کوبھی دیکھیں گے ۔

(جاری ہے)

فاضل جج نے ان ریمارکس کے بعد کیس کی سماعت 8فروری تک ملتوی کر دی ۔ سماعت کے بعد ایڈوکیٹ اختر شاہ نے بات چیت کے دوران بتایا کہ پرویز مشرف ہر وقت عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں ،لیکن سیکیورٹی خدشات اپنی جگہ موجود ہیں، عدالت پیش ہونے کے لیے انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انکا کہنا تھا کہ مشرف اپنی صحت کی خرابی وجہ سے بھی عدالت نہ پیش ہو سکے ۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہاگرچہ مشرف کی ڈانس کی ویڈیو دیکھ کر انکی صحت کی خرابی کا احتمال نہیں ہوتا لیکن وہ کونسا خٹک ڈانس کر رہے تھے ، جتنا ڈانس انہوں نے کیا اتنا تو ہر شادی میں چلتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :