وزیراعظم نے گولڑہ موڑ سے نیو ائیرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے کی منظوری دیدی

14 اگست 2017 ء کو منصوبے کا افتتاح کریں گے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘ منصوبے معیشت کی ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے ہیں،نوازشریف

منگل 31 جنوری 2017 12:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31جنوری۔2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے گولڑہ موڑ سے نیو ائیرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے کی منظوری دیدی‘ وزیراعظم نے میٹرو لہک ڈیزائن کی بھی منظوری دے دی ہے‘ وزیراعظم 14 اگست 2017 ء کو منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیو اسلام آباد ائیرپورٹ جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں سول ایوی ایشن حکام نے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزیراعظم کو بریفنگ دی‘ سول ایوی ایشن حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ائیرپورت کا 95 فیصد کام مکمل ہوگیا ‘ ائیرپورٹ کا سول ورک مارچ 2017 ء میں مکمل ہوجائے گا جبکہ جولائی 2017 ء میں نیو اسلام آباد ائیرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل بھی ہوجائے گا۔

سیکرٹری سول ایوی ایشن نے بریفنگ میں کہاکہ نئے ائیرپورٹ تک رسائی کے میٹرو بس کی سہولت دیں گے اور عوام کو سہولیات دینے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے گولڑہ موڑ اسلام آباد سے نیو ائیرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے کی منظوری دی اور نیو ائیرپورت تک لنک روڈ کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘ منصوبے معیشت کی ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے ہیں۔