لاہور، سکیورٹی نہ پروٹوکول نہ پیشگی اطلاع،وزیراعلیٰ کی تعطیل کے روز اچانک ہسپتال آمدپرڈاکٹرز اور عملہ حیران

وزیراعلیٰ کا دورہ اتنا خفیہ تھا کہ وہ اپنے سٹاف افسر اوراپنی میڈیا ٹیم کو بھی ساتھ نہیں لے کرگئے

پیر 30 جنوری 2017 12:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30جنوری۔2017ء )وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے بغیر کسی پیشگی اطلاع ،بغیرسکیورٹی اور بغیر پروٹوکول کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈکا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ کے دورے سے انتظامیہ اورمیڈیا مکمل طورپر لاعلم رہے۔وزیراعلیٰ کا دورہ اتنا خفیہ تھا کہ وہ اپنے سٹاف افسر اوراپنی میڈیا ٹیم کو بھی ساتھ نہیں لے کرگئے اورصرف سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ہمراہ اچانک ہسپتال کا دورہ کیا ۔

وزیراعلیٰ کے ماڈل ٹاوٴن سے رائیونڈ تک سفر کے دوران ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی اورکسی موقع پر بھی ٹریفک کو نہیں روکا گیا بلکہ وزیراعلیٰ کی گاڑی ٹریفک اشاروں پر بھی رکتی رہی۔تعطیل کے روزوزیراعلیٰ کی اچانک آمد پر ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور انتظامی افسران سمیت عملہ حیران رہ گیااور وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچانک ہسپتال آئے ہیں ہمیں اس کی بالکل توقع نہیں تھی اور ہمیں آپ کی آمد پر خوشگوار حیرت ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

آپ بغیر سکیورٹی اوربغیرپروٹوکول کے یہاں آئے ہیں جو آپ کے اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آپ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کس قدر تڑپ رکھتے ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں یہاں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آیا ہوں اورآئندہ بھی ہسپتالوں میں آتا جاتا رہوں گا۔

متعلقہ عنوان :