کراچی:پاکستان میری ٹائم سکیورٹی کی کارروائی ،60بھارتی ماہی گیر گرفتار

سیکیورٹی کے اہلکاروں نے حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ماہی گیروں کو گرفتاری کر کے ان کی 10 کشتیوں کو تحویل میں لے لیا ہے، پولیس آفیسر لطیف بابر

ہفتہ 28 جنوری 2017 11:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جنوری2017ء) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ( ایم ایس ای) نے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر 60 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس آفیسر لطیف بابر کے مطابق میری ٹائم سیکیورٹی کے اہلکاروں نے حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ماہی گیروں کو گرفتاری کر کے ان کی 10 کشتیوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ماہی گیروں کو ہفتہ 28 جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے انہیں جیل بھیجا جائے گا۔ خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں مچھلی کے شکار کے دوران ایک دوسرے کی سمندری حدود کی خلاف ورزیوں پر آئے دن پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ماہی گیر گرفتار کرتے رہتے ہیں۔ ماہی گیروں کی کشتیاں جدید آلات سے عاری ہوتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں حدود کا اندازہ نہیں ہوتا اور وہ سمندری حد پار کر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والے اکثر ماہی گیروں کو پاکستان اور بھارت کے درمیان خراب سفارتی تعلقات اور بیوروکریسی کی رکاوٹ کے باعث، اپنی سزا کاٹنے کے بعد بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے رہنا پڑتا ہے۔ تاہم دونوں ممالک جذبہ خیر سگالی کے تحت بھی قید کئی ماہی گیروں کو رہا کر دیتے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو بھی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے 219 ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، اس سے قبل دسمبر 2016 میں بھی پاکستان نے بھارت کے 220 ماہی گیروں کو رہا کیا تھا

متعلقہ عنوان :