پاکستان ،افغانستان اور سعودی عرب ویزوں کی کڑی جانچ پڑتال ہوگی،ڈونلڈ ٹرمپ

جو شخص امریکہ کیلئے مسائل پیدا کرے گا انہیں یہاں نہیں آنے دینگے، امریکی صدر

ہفتہ 28 جنوری 2017 12:17

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2017ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ، افغانستان اور سعودی عرب کے شہریوں کو امریکہ میں داخل ہونے کے لیے کڑی جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ 7 مسلم اکثریتی ممالک کے افراد کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے حکم نامے پر دستخط کرنے والے تھے تاہم عوامی سطح پر سامنے آنے والے اعتراض کے سبب اس معاملے میں تاخیر کا سامنا ہوا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور افغانستان کے شہریوں پر امریکی ویزے بند نہیں کئے جارہے لیکن ان ملکوں سے آنے والوں کی سخت جانچ پڑتال ضرور کی جائے گی، انہوں نے کہا دنیا دیکھی گئی ہم تمام درخواست گزاروں کی سخت ترین جانچ پڑتال کریں گے اور میرا مطلب حقیقت میں سخت ترین ہے، اگر ہمیں اس بات کا معمولی سا بھی شبہ ہوا کہ کوئی شخص امریکا آکر مسئلہ پیدا کرسکتا ہے تو ہم اسے یہاں آنے ہی نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ میں امریکا میں دہشت گردی بالکل نہیں چاہتا۔مسلم ممالک سے امریکہ آنے والوں پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ پابندی مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ ان ملکوں کے خلاف ہے جہاں بہت زیادہ دہشت گردی ہے اور یہ کہ ان کے فیصلے کو غلط رنگ دے کر پیش کیا جارہا ہے۔