جنرل (ر) راحیل شریف کو اراضی کے حوالے سے بحث فوج کی کردار کشی کے مترادف ہے،پاک فوج

فوج کو بدنام کرنیکی مہم ریاستی اداروں میں بد اعتمادی کا موجب بن سکتی ہے، یہ رویہ خطرناک ہو سکتا ہے،آئی ایس پی آر

جمعہ 27 جنوری 2017 11:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2017ء) پاک فوج نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو دی گئی زرعی اراضی کو قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بحث فوج کی کردار کشی کے مترادف ہے۔ فوج کو بدنام کرنیکی مہم ریاستی اداروں میں بد اعتمادی کا موجب بن سکتی ہے اور یہ رویہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سابق آرمی جنرل (ر) راحیل شریف کو زرعی زمین کی الاٹمنٹ سرکاری اور فوجی قواعد کے تحت دی گئی ہے اس طرح کی الاٹمنٹس آئینی طریقہ کار کے مطابق ہوتی ہیں۔

فوجی افسران ، جوانوں کو زرعی زمین کی الاٹمنٹ پر گزشتہ کئی روز سے بحث و قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بحث پاک فوج کی کردار کشی کے مترادف ہے۔ فوج کو بدنام کرنیکی مہم ریاستی اداروں میں بد اعتمادی کا موجب بن سکتی ہے اور یہ رویہ اس وقت موجودہ اداروں میں غلط فہمیاں پیدا کر سکتا ہے جو اداروں میں موجود ہم آہنگی کے لئے خطرناک ہو سکتا ہے۔