کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری

مکانات کی چھتیں ، گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق، خواتین سمیت4 افراد زخمی بارشوں سے 20مکانات مکمل طور پر منہدم اور50سے زائد کو نقصان پہنچا شدید برفباری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ کوژک کے مقام پر بند شدید برفباری اور بارش کے باعث بند ہونے سے سینکڑوں گاڑیاں اور اس میں سوار مسافر پھنس گئے، ندی نالوں میں طغیانی سے نشیبی علاقے زیر آب

جمعرات 26 جنوری 2017 11:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2017ء)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا جس سے مکانات کی چھتیں اور گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت4 افراد زخمی ہو گئے بارشوں سے 20مکانات مکمل طور پر منہدم اور50سے زائد کو نقصان پہنچا شدید برفباری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ کوژک کے مقام پر بند ہو گئی اس کے علاوہ ژوب، ڈیرہ اسماعیل شاہراہ بھی کوہ سلیمان کے مقام سے شدید برفباری اور بارش کے باعث بند ہونے سے سینکڑوں گاڑیاں اور اس میں سوار مسافر پھنس گئے بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے بارش کے باعث مختلف علاقوں میں مکانات کے منہدم ہونے اور انہیں نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں مستونگ کے علاقے عزیز آباد میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون شہزادی جاں بحق ہوگئی اسی طرح کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا مستونگ کے علاقے کانک ،کھڈ کوچہ ،کردگاپ اور دشت ضلع مستونگ میں 20مکانات مکمل طور پر منہدم جبکہ 50سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا اور روڈ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم ٹریفک رواں دواں ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشنگوئی کی تھی اور تیسرے روز بھی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے صوبے کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے نشیبی علاقوں میں رہائش پذیرخانہ بدوشوں سمیت وہاں پر مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں شہری سردی سے بچنے کیلئے سوختنی لکڑی ،کوئلہ اور ایل پی جی گیس کا استعمال کررہے ہیں دکانداروں نے ان کی قیمتوں میں بھی من مانے دام وصول کرنے شروع کردیئے ہیں کوئٹہ اور صوبے کے مختلف علاقوں زیارت ،قلات ،خانوزئی ،کان مہترزئی اور کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہا دریں اثناء ژو ب سے ڈیرہ اسماعیل خان جانیوالی گاڑی بارش اور برفباری کے باعث پھسلنے سے گہری کھائی میں گرنے سے اس میں سوار سراج الدین، خدائیداد، خیر محمد، عالم بی بی، فریدہ بی بی جاں بحق جبکہ احمد دین ، آصفہ بی بی اور یوسف زخمی ہو گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ لاشوں اور زخمی کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا اس کے علاوہ خانوزئی میں چھت گرنے سے ملالہ بی بی زخمی ہو گئی جس کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا صوبے کے شمالی علاقوں میں برفباری کے باعث کوژک کے مقام پر کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی جس کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہو گئی