مجھے قتل کردیا گیا تو ذمہ دار نواز ‘ شہباز شریف‘ رانا ثناء اللہ اور سعد رفیق ہوں گے،شیخ رشید احمد

لندن میں مے فیئر فلیٹس بنانے والے میری پانچ مرلے کی لال حویلی سے خوفزدہ ہیں میں اتنے آرام سے لال حویلی سے نکلنے والا نہیں ہوں،میڈیا سے گفتگو

بدھ 25 جنوری 2017 11:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر مجھے قتل کردیا گیا تو اس کے ذمہ دار میاں نواز شریف ‘ میاں شہباز شریف‘ رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق ذمہ دار ہوں گے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ اکہ میں آن ریکارڈ یہ کہہ رہا ہوں کیونکہ یہ سب بہت خوف ذدہ ہیں اور خوف ذدہ لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کیلئے قربانی دینے کیلئے تیار ہوں میں اپنا تابوت اٹھا کر پھرتا ہوں میں ان سے ڈر نے والا نہیں ہوں۔ یہ چوہدری ظہور الہیٰ کی زکوة پر چلنے والے لوگ ہیں۔ لندن میں مے فیئر فلیٹس بنانے والے میری پانچ مرلے کی لال حویلی سے خوفزدہ ہیں میں اتنے آرام سے لال حویلی سے نکلنے والا نہیں ہوں،یہ میرا سیاسی ہیڈکوارٹرہے ۔

(جاری ہے)

گیدڑ کی جب موت آتی ہے تو وہ لال حویلی کا رخ کرتا ہے۔

رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق سرعام دھمکیاں دے ہے ہیں ۔ مگر مجھے یقین ہے حکمرانوں کی کرپشن کا تابو ت سپریم کورت سے ہی نکلے گا ۔ حکمرانوں کا اوپر والا چیمبر خالی ہے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ فوج سے لڑنے کے موڈ ہے ۔ گزشتہ چار دن سے حکمران پریشان اور خوفزدہ ہیں۔ آرمی چیف نے چار گیرژن کا دورہ کیا چاروں جگہ پر ان سے نیوز گیٹ کا سوال کیا گیا۔

اگر یہ بات شیخ رشید کے علم میں ہے یقیناً نواز شریف کے علم میں بھی ہوگی۔دریں اثناء شیخ رشید احمد نے مزید کہا ہے کہ آف شور کمپنیوں کیلئے ایمنسٹی سکیم لانا جگ ہنسائی ہوگی‘ آف شور کمپنیاں حکمرانوں نے بھی بنا رکھی ہیں کیا حکمران اپنی دولت واپس پاکستان لائیں گے۔ منگل کے روز آف شور کمپنیوں کیلئے ایمنستی اسکیم کی تجویز پر اپنے ردعمل میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم ناکام ہوجائے گی۔

ایمنسٹی اسکیم کا یہ صحیح وقت نہیں ہے۔ 7 ارب ساٹھ کروڑ دبئی کی پراپرٹی خریدنے میں چلے گئے‘ اسحاق ڈار نے سرمایہ دبئی میں جانے پر کوئی اقدامات کیوں نہیں کئے؟۔ انہوں نے کہا کہ آف شور ایمنسٹی اسکیم ملک کے لئے جگ ہنسائی ہوگی‘ آف شور کمپنیز حکمرانوں کی بھی ہیں‘ کیا حکمران اپنی دولت پاکستان لائیں گے۔