پاک بحریہ کے جناح نیول بیس میں پروقار تقریب کا انعقاد

اقتصادی راہداری، گوادربندرگاہ منصوبے کی کامیابی کا انحصاربحرہندخصوصابحیرہ عرب میں محفوظ میری ٹائم ماحول پر منحصرہے، پاک بحریہ اس کیلئے مکمل تیار ہے ، خواجہ آصف دوجہاز پی ایم ایس ایس ہنگول اور بسول کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میں شامل کرلیا گیا

بدھ 25 جنوری 2017 11:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2017ء)اورماڑہ بلوچستان میں قائم پاک بحریہ کے جناح نیول بیس میں منعقد ایک پروقار تقریب کے دوران دوجہاز پی ایم ایس ایس ہنگول اور بسول کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میں شامل کیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ وزیر دفاع کی آمد پر پاک بحریہ کے سربرا ہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ چین میں تیار ہونے والے یہ جہاز جدید آلات سے لیس ہیں جو خصوصی اقتصادی زون کی حفاظت اور میری ٹائم خطے میں قانون پر عمل داری میں مزید معاون ثابت ہوں گے۔قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاک بحریہ کے آپریشنل امور اور ساحلی علاقوں کے عوام کی معاشی و سماجی حالت بہتر بنانے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں اور خطے میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے پاک چین اقتصاد ی راہداری کی بحری سیکیورٹی اورحفاظت کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار کا خصوصیت سے ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادربندرگاہ منصوبے کی کامیابی کا انحصاربحرہندخصوصابحیرہ عرب میں محفوظ میری ٹائم ماحول پر منحصرہے جس کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ مکمل تیارہے۔

وزیر دفاع نے اورماڑہ میں تعینات پاک بحریہ کے آفیسرزاورجوانوں سے گفتگوکی اور قوم کی خدمت کے سلسلے میں ان کے عزم اورحوصلے کی تعریف کی۔بعدازاں، معزز مہمان نے کیڈٹ کالج اورماڑہ اوربحریہ ماڈل کالج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء کی معتدد سرگرمیوں کو دیکھااورکیڈٹس اورطلباء کے ساتھ بات چیت کی۔وزیر دفاع نے پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ کا دورہ بھی کیا۔خواجہ آصف نے ملک کی سرحدوں کی مقدس فریضے کی ادائیگی میں پاک بحریہ کے موثر کرداراورساحلی آبادی کی خدمت کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔