عام انتخابات سے قبل بلدیاتی اداروں کوتوڑنے کی شق ختم کرنے کافیصلہ کرلیاگیاہے،رانا ثنااللہ

بلدیاتی اداروں کو مزیدبہتربنانے،خطیرفنڈزکی فراہمی سے متعلق بہت سے اقدامات کئے جاچکے ہیں،وزیرقانون پنجاب

پیر 23 جنوری 2017 10:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جنوری۔2017ء) صوبائی وزیرقانون راناثنااللہ خاں نے کہاہے کہ جنرل الیکشن سے قبل بلدیاتی اداروں کوتوڑنے کی شق ختم کرنے کافیصلہ کرلیاگیاہے۔اب عام انتخابات سے قبل بلدیاتی ادارے نہیں توڑے جائیں گے اوروہ اپنی مدت پوری کریں گے۔بلدیاتی اداروں کو مزیدبہتربنانے،خطیرفنڈزکی فراہمی اوران کے سربراہوں کے اختیارات سے متعلق بہت سے اقدامات اورفیصلے کئے جاچکے رواں ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف فیصل آبادڈویژن کے چیئرمین ضلع کونسل اورمیئرزوڈپٹی میئرز سے ملاقات کریں کے اور اس موقع وہ خود براہ راست ان فیصلوں اوراقدامات کا اعلان کریں گے جس کے بعدہرقسم کے ابہام ختم ہوجائیں گے ۔

میونسپل کارپوریشن سے الگ کئے گئے شعبوں اورقائم کی گئی اتھارٹیزبھی میونسپل کارپوریشن کی سربراہی میں کام کریں گی جبکہ سالڈویسٹ مینجمنٹ عنقریب کارپوریشن کو واپس ہوگی۔

(جاری ہے)

ہیلتھ اورایجوکیشن اتھارٹیزمیں5-5 ممبران میونسپل کارپوریشن سے لئے جائیں گے ۔ایف ڈی اے اورپی ایچ اے کے بورڈآف ڈائیریکٹرمیں ارکان اسمبلی کی بجائے ارکان میونسپل کارپوریشن کونامزدکرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سے سفارش کی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے میئرمحمدرزاق ملک،رکن پنجاب اسمبلی محمدنوازملک اور راناثنااللہ گروپ کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے اراکین کے اعزازمیں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اراکین اسمبلی حاجی اکرم انصاری،میاں عبدالمنان،حاجی الیاس انصاری ،حاجی خالدسعید،چوہدری فقیرحسین ڈوگر،شیخ اعجازا حمد،ڈپٹی میئرشیخ محمدیوسف، محمدامین بٹ اورچوہدری عبدالغفور،شیخ ذوالفقار احمد،ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب صدر رانا علی عباس خاں نے بھی خطاب کیا۔

استقبالیہ تقریب نئے شامل ہونے والے ممبران سمیت142سے زائداراکین میونسپل کارپوریشن نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرنے اپنے خطاب میں مزیدکہاکہ لوکل باڈی آرڈیننس میں اپوزیشن لیڈرکاکوئی تصوراورکردارنہیں۔ماضی میں ایک قراردادکے ذریعے میئرتمام اختیارات حاصل کرکے ڈکٹیٹربن جاتا تھالیکن موجودہ میئرمحمدرزاق ملک تمام فیصلے اوراختیارات مشاورت استعمال کریں گے ان کے ساتھی ممبران شہرکی ترقی کے تمام فیصلوں میں ان کے ساتھ شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن کے خاتمہ کے لئے ترقیاتی کاموں میں نگرانی ضروری ہے جس میں فیصل آبادچیمبرآف کامرس،ڈسٹرکٹ بارصحافیوں کی نمائندہ تنظیم اوردیگرطبقات کونمائندگی دی جاسکتی ہے تاکہ شفافیت کو برقرار رکھاجاسکے آئین میں اس کی کوئی ممانعت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپوریشن میں اختیارات کی تقسیم کے لئے مختلف کمیٹیوں کا قیام بھی لازمی ہے جنہیں بااختیاربنایاجائے گا۔

انہوں نے چوہدری شیرعلی کانام لئے بغیر ان سے کہاکہ الیکشن ہارنے کے بعدرونادھونا اور الزام تراشی مناسب نہیں ہے۔میئرمحمدرزاق ملک نے اپنے خطاب میں کہاکہ شہرکی تعمیروترقی کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے کارپوریشن کے وسائل میں اضافہ کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، ٹیکس کلیکشن پربھی بھرپورتوجہ دی جارہی ہے۔اس سلسلہ میں ویب سائٹ بھی بنائی جارہی ہے جبکہ ٹھیکوں کی شفاف نیلامی آ ن لائن بھی ہوگی اورلوگ اوپن آکشن میں بھی حصہ لے سکیں گے۔

تجاوزات کے خاتمہ اورعوام کوبنیادی سہولتوں کی فراہیمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ گروپ کی وجہ سے میئرمنتخب ہوا۔نئے شامل ہونے والے ارکان کوویلکم کرتے ہیں انہیں ساتھ لے کرچلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہر سے تقریباً17سو ٹن کوڑا جمع ہوتا ہے۔اگراس کے لئے مختص کی گئی اراضی پربجلی کاکارکانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے توکوڑاسے بجلی پیداکی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کارپوریشن کے وسائل میں اضافہ کے لئے چونگیات کوبحال کرنے کی بھی تجویزپیش کی۔رکن پنجاب اسمبلی محمدنوازملک نے کہاکہ شہرکی ترقی کے لئئے قیادت کی پالیسیوں کوفالوکررہے ہیں۔صاف ماحول اورکرپشن سے پاک ایجنڈالے کرآئے ہیں اسی عزم رزاق ملک میئر سے منتخب ہوئے۔