سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے واقعہ پر میں معذرت کرچکا ہوں ، معاملہ ختم ہونا چاہیے ، امداد پتافی

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری جو فیصلہ کریں گے وہ مجھے قبول ہوگا ، بیان

اتوار 22 جنوری 2017 13:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2017ء)صوبائی وزیر سروسز اینڈ ورکس امداد پتافی نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں پیش آنے والے واقعہ پر میں معذرت کرچکا ہوں اس لیے اب یہ معاملہ ختم ہوجانا چاہیے ۔اس حوالے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری جو فیصلہ کریں گے وہ مجھے قبول ہوگا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں امداد پتافی نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران مجھ سے غلطی ہوئی جس پر معافی مانگ چکا ہوں ،اللہ نے مجھے اتنی ہمت دی ہے کہ فلور آف دی ہاوٴس بھی معافی مانگ لوں گا ۔

جب معذرت کرلی ہے تو معاملہ کو بھی ختم ہوجا نا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ شوکاز نوٹس ملا تو پارٹی قیادت کو جواب دوں گا اور پارٹی قیادت کا ہر فیصلہ قبول کروں گا ۔میری وزارت اور اسمبلی رکنیت میری پارٹی کی امانت ہے میری کوئی ذاتی حیثیت نہیں ہے ۔