لاہور، گھرمیں آتشزدگی سے 3بہنیں ہلاک ، نومولود بھائی زخمی

بدھ 18 جنوری 2017 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2017ء)مصری شاہ کے علاقہ میں گھر آتشزدگی سے 3بہنیں ہلاک جبکہ نومولود بھائی زخمی ہوگیا،ریسکیو ٹیم نے آگ پر قابو پاتے ہوئے زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں اسکی حالت نازک بیان کی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق مصری شاہ کے علاقہ گھو ڑ ے کا رہائشی جاوید رکشہ ڈرائیور ہے جبکہ اسکی بیوی لوگوں کے گھروں میں کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بچے سورہے تھے کہ اسی دوران ان کی ماں سلنڈر والا ہیٹر چلتا چھوڑ کر کام کرنے چلی گئی۔جس کے کچھ دیر بعد کمرے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس،ایدھی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے بعد بچوں 8 سالہ صباء،2 سالہ طیبہ،3سالہ عیشاء اور نومولودی علی حمزہ کو ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے تینوں بہنوں کی موت کی تصدیق کردی جبکہ علی حمزہ کی حالت نازک بیان کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔