عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قائدین کا اہم اجلاس

پانامہ لیکس پر حکومتی حکمت عملی اور سپریم کورٹ میں جاری سماعت کے مختلف پہلووٴں پر تبادلہ خیال نواز شریف ساری لوٹ مار کے ذمہ دار ہیں،کرپشن اور "علی بابا" کی سیاست کے تابوت سپریم کورٹ سے اکٹھے ہی نکلیں گے ،تحریک انصاف

بدھ 18 جنوری 2017 11:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ روز اول سے کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف ساری لوٹ مار کے ذمہ دار ہیں،کرپشن اور "علی بابا" کی سیاست کے تابوت سپریم کورٹ سے اکٹھے ہی نکلیں گے ۔پاکستان تحریک کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قائدین کا اہم اجلاس منگل کو جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا۔

اجلاس میں پانامہ لیکس پر حکومتی حکمت عملی اور سپریم کورٹ میں جاری سماعت کے مختلف پہلووٴں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان تحریک کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کا ثبوت دینے کی بجائے استثنیٰ کے پیچھے چھپنا قوم کو تمام سوالوں کے جواب دے گیاہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف روز اول سے کہہ رہی ہے کہ نواز شریف ساری لوٹ مار کے ذمہ دار ہیں۔

وزیر اعظم نے وکیل کے ذریعے عدالت کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ پارلیمان میں جتنا چاہیں جھوٹ بول سکتے ہیں۔ پارلیمان میں جان ہوتی تو عدالت سے پہلے پارلیمان نواز شریف کا محاسبہ کرتی۔قوم "علی بابا" کی اکھڑتے قدم اور پھولتی سانسیں دیکھ رہی ہے۔چھوٹا بڑا ہر درباری نواز شریف کی خوشنودی کیلئے بدکلامی اور بدزبانی میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کو کوشش کر رہا ہے۔جلد ہی کرپشن اور "علی بابا" کی سیاست کے تابوت سپریم کورٹ سے اکٹھے ہی نکلیں گے۔نواز شریف کیخلاف ناقابل تردید ثبوتوں کے انبار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔نواز شریف نے پانامہ لیکس، بی بی سی دستاویزی فلم، بی بی سی رپورٹ، اسحاق ڈار کے بیان حلفی اور لندن عدالت کے فیصلے میں سے کسی ایک کا بھی جواب نہیں دیا۔