تحریک انصاف ریجنل صدر فیصل آباد نے پارٹی قیادت کے غیر سیاسی رویہ پر استعفیٰ دیدیا

2نومبر کے دھرنے کی کال دے کر فرخ حبیب سمیت مقامی قیادت اسلام آباد جاکر محفوظ ہوگئی اور اپنے موبائل فون نمبر تک بند کردئیے،محمدمنور منج

منگل 17 جنوری 2017 12:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2017ء)پاکستان تحریک انصاف فیصل آباد کے ریجنل صدر ویلفیئر وسابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سٹی محمدمنور منج نے پارٹی قیادت کے غیرسیاسی رویے ، بلدیاتی انتخابات میں حقیقی کارکنوں کو نظرانداز کرنے، بالخصوص مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں فرخ حبیب کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

2نومبر کے دھرنے کی کال دے کر فرخ حبیب سمیت مقامی قیادت اسلام آباد جاکر محفوظ ہوگئی اور اپنے موبائل فون نمبر تک بند کردئیے۔ پولیس چھاپوں سے پہلے اور بعد کارکنوں ومقامی قیادت کا حال تک نہ پوچھا۔ بلکہ سوشل میڈیاپر جعلی تصویریں لگا کر شہر میں موجودگی ظاہر کی جاتی رہی۔ آن لائن کے مطابق منور منج کاکہنا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے کرپشن کے خلاف دعووں اور قومی ترقی کے نعروں سے متأثر ہوکرمرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے احترام میں تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

جسکے بعدجان ،مال اور وقت پی ٹی آئی کیلئے وقف کردئیے۔ مرکزی رہنما میاں فرخ حبیب اورریجنل، سٹی وڈسٹرکٹ کی قیادت کے ہر حکم کی تکمیل میں سڑکوں پر بھی احتجاج کیا۔ اسلام آباد، لاہور ودیگر شہروں میں پارٹی قیادت کے حکم پر اپنے خرچ پر کارکنوں کیلئے تمام لوازمات کا لحاظ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی اور دھرنوں میں بھی بھرپور شرکت کی۔

ان تمام خدمات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے اپنے مخلص کارکنوں سے سوتیلی ماں جیسا رویہ اختیار کیا۔ محمد منور منج نے کہا کہ وہ کئی سال پی ٹی آئی کے بنیادی رکن اور عہدیدار رہنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ تحریک انصاف میں سیاسی جماعت کی کوئی خصوصیت ہی نہیں ہے بلکہ وہاں بادشاہ سلامت اور خوشامدیوں کے ٹولے کو ہی نوازا جاتا ہے۔ ان وجوہات کے بعد اب پی ٹی آئی میں رہنے کا کوئی جواز نہیں رہتا نہ ہی اب مزید اس ٹولے کا رکن رہنا ممکن ہے۔ لہٰذا پاکستان تحریک انصاف کی ریجنل صدارت ویلفیئر سمیت پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیتا ہوں اب میرا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔چند روز بعد اگلے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔