پی ٹی آئی فنڈنگ کیس ، عمران خان نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی، تحریری معافی نامہ جمع

تحریک انصاف کے وکیل کے دلائل کیلئے مزیدوقت مانگنے پرچیف الیکشن کمشنر پر برہم سال سے کیس التوا کا شکار ہے ہم کس سے تعصب کر رہے ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں، اس سے زیادہ کیا بدتمیزی ہو سکتی ہے ، ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں، خبردار !ہمارے ساتھ سیاست سیاست نہ کھیلیں، جسٹس (ر)سردار رضاخان کی وارننگ ، پی ٹی آئی کے وکیل سے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق تمام ریکارڈ طلب، سماعت 24جنوری تک ملتوی

منگل 17 جنوری 2017 12:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2017ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا جبکہ دوران سماعت تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل کیلئے مزیدوقت دینے کی استدعا کی تو اس دوران چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف کے وکیل پر برہم ہوگئے اور کہا کہ 2 سال سے کیس التوا کا شکار ہے ہم کس سے تعصب کر رہے ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں، اس سے زیادہ کیا بدتمیزی ہو سکتی ہے ، ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں لیکن خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ سیاست سیاست نہ کھیلیں۔

پیر کو پی ٹی آئی کے سابق راہنما اکبر ایس بابر کی جانب سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈز میں مبینہ خرد برد بارے دائر کیے گئے کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

اس دوران تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل کیلئے مزیدوقت دینے کی استدعا کی تاہم اس پر چیف الیکشن کمشنرجسٹس (ر) سردار رضا خان تحریک انصاف کے وکیل پر برہم ہوگئے اورریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 2 سال سے کیس التوا کا شکار ہے تاہم ہم کس سے تعصب کر رہے ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں، اس سے زیادہ کیا بدتمیزی ہو سکتی ہے۔

ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں لیکن خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ سیاست سیاست نہ کھیلیں۔ ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مذاق ہے، جس کی مرضی آتی ہے یہاں بولنا شروع کر دیتا ہے۔ پہلے پاور آف اٹارنی دیں پھر جواب دیں ۔وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ سماعت کی تاریخ اگلے ماہ کی دی جائے۔

چیف الیکشن کمشنرنے کہاکہ ڈھائی سال سے یہی ہورہاہے۔الیکشن کمیشن کے برہم ہونے پر تحریک انصاف کے وکلا نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 9 جنوری کو جمع کرایا گیا اپنا جواب واپس لیتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرنے کا حکم دیاکہ تحریک انصاف تاخیری حربے استعمال کررہی ہے ۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وکیل سے پی ٹی آئی کو تمام غیر ملکی فنڈنگ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی سماعت 24جنوری تک ملتوی کردی ۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے وکلا نے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ معافی نامے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نظرثانی درخواست میں پیش کیا گیا بیان واپس لیتی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سی9 جنوری کو الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرائے گئے جواب میں الیکشن کمیشن کو متعصب قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس پر حکم امتناعی دے رکھا ہے لیکن الیکشن کمیشن اس کے باوجود اس کیس کی سماعت کررہا ہے۔