حویلیاں طیارہ حادثہ، جاں بحق ہونیوالے عملے کے 5ارکان کو نشہ آور یا زیرہلی ادویات دیئے جانے کا خدشہ

ازسرنو ٹیسٹ کئے جائیں گے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو تحریری آگاہ کردیا

منگل 17 جنوری 2017 12:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2017ء) حویلیاں طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستان قومی ایئر لائن کے عملے کے 5ارکان کی لاشوں کے معائنے کیلئے لئے گئے ڈی این اے نمونوں میں سے نشہ آور یا زیرہلی ادویات دیئے جانے کے خدشہ کے باعث ازسرنو ٹیسٹ کئے جائیں گے،اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حویلیاں میں گرنے والے بدقسمت طیارہ حادثہ میں سوار پی آئی اے عملہ کے 5ارکان کی شناخت کیلئے لئے گئے ڈی این اے سیمپلز میں سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خدشے کے باعث اسلام آباد کے ضلعی انتظامیہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ PK661میں پی آئی اے کے عملے کے پانچ ارکان کی ازسر نو تحقیقات کی جائیں اور اس بات کا پتہ لگایا جائے کہ ان ارکان کو کہیں نشہ آور یا زہریلی ادویات تو نہیں پلائی گئیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جب خبر رساں ادارے نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد سے رابطہ کیا گیا توانہوں نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ان کو ایک خط موصول ہوا ہے جس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ حویلیاں طیارے میں جاں بحق ہونے والے عملے کے پانچ ارکان کے سیمپلز میں سے یہ معائنہ کیا جائے کہ ان کو کسی قسم کی زہریلی یا نشہ آور ادویات تو نہیں پلائی گئیں،جس کیلئے ضلعی انتظامیہ وزارت کیڈ اور پمز سے رابطہ کریں گے کیونکہ پمز کے پاس عملے کے پانچ ارکان کے سیمپلز موجود ہیں اور انہی سے یہ ٹیسٹ کروائے جائیں گے جبکہ دوبارہ قبرکشائی کی ضرورت نہیں ہے۔

اس حوالے سے جب خبر رساں ادارے نے پمز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ تاحال ان کو اس حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں،جیسے ہی وزارت یا ضلعی انتظامیہ رابطہ کرے گی پھر اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی

متعلقہ عنوان :