پاکستان ریلویز اپنے ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی اور تعمیر نوکے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کرچکاہے‘ سعد رفیق

اتوار 15 جنوری 2017 17:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2017ء ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز اپنے ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی اور تعمیر نوکے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کرچکاہے، بہاولپور اور رائے ونڈ کے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو کا کام شروع ہوچکا ہے۔ گوجرانوالہ کے پرانے ریلوے اسٹیشن کوبھی نہ تو بھوت بنگلہ بننے دیا جائے گااور نہ ہی وہاں قبضہ گروپوں کو ریلوے کی قیمتی زمین ہڑپ کرنے دیں گے۔

پاکستان ریلویز کے ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ لیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی کینٹ، کراچی سٹی، حید رآباد ، سکھر ، کوئٹہ، بہاولپور، رائے ونڈ، کوٹ لکھپت ، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، ننکانہ اور حسن ابدال کے ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی ، اپ گریڈیشن یا تعمیر نو ہمارے ایجنڈے پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشن کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جائے۔

اس موقع پر ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی ، وقت اور تعمیر نو کے منصوبے کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ تیمور غلزی نے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ افسروں میں ایمانداری کے ساتھ ساتھ کام کی رفتار میں تیزی لانا، ریلوے کی آمدن بڑھانے کے لیے پروفیشنل اپروچ رکھنا انتہائی ضروری ہے۔خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ15مارچ تک 10جلی ہوئی کوچز جن میں 3اے سی بزنس اور 7لوئر اے سی کوچز شامل ہیں کو اپ گریڈ کرکے ریلوے کے بیٹرے میں شامل کیا جائے تا کہ مسافروں کو سہولیات کے ساتھ کوچزکی فراہمی ممکن ہوسکے۔

انہوں نے ٹرمینل فیسیلٹی اور ڈرائی پورٹس اپ گریڈیشن کے منصوبے میں شامل بادامی باغ ، مغلپورہ ، اذا خیل پر کام کی رفتار تیزکر کے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرریلویز خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کے سینئر سول انجینئرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو 15روز کے اندر ریلوے سسٹم میں ٹریک کی دیکھ بھال کے لیے آوٹ سورسنگ کرنے کے حوالے سے تجاویزتیار کرکے پیش کریگی۔

اجلاس میں چیئر پر سن ریلویز مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچرہمایوں رشید،ڈائریکٹر پلاننگ مظہر علی شاہ،ڈی آئی جی ریلویز شارق جمال، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید کے علاوہ ریلوے کے سنیئر افسران اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز صاحبان نے شرکت کی۔