ابیٹ آباد،تھپڑکیس میں عدالت نے ملزم زین تنولی کی درخواست ضمانت منظور کرلی

ہفتہ 14 جنوری 2017 13:55

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14جنوری۔2017ء) تھپڑکیس، عدالت نے ملزم زین تنولی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایاکہ 29دسمبر کو جلال باباآڈیٹوریم میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب کے دوران لساں نواب مانسہرہ کے رہائشی زین خان تنولی نامی نوجوان نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کو صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، صوبائی وزیر خوراک قلندرلودھی اور دیگرکی موجودگی میں تھپڑ مار دیاتھا۔

جس کے بعد ڈاکٹراظہرجدون کے حامیوں نے سٹیج پر ہی نوجوان کی پٹائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ زین خان تنولی کیخلاف تھانہ کینٹ میں علت نمبر1182زیر دفعہ,355 506,511 کے تحت مقدمہ درج کیاگیا۔ اگلے روز سخت سیکورٹی میں زین خان تنولی کوعدالت میں پیش کیاگیا۔

(جاری ہے)

جہاں سے عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم زین تنولی کی درخواست ضمانت علاقہ مجسٹریٹ نے مسترد کردی تھی۔

جس کے بعد فضل حق عباسی ایڈوکیٹ اور نسیم زمان ایڈوکیٹ نے زین تنولی کی درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج ون کی عدالت میں دائر کی تھی۔ جمعہ کے روز ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون کی جانب سے مسعود تنولی ایڈوکیٹ اور مصطفی خان ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سولہ روز سے جیل میں بند ملزم زین تنولی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اس کی فوری رہائی کے احکامات جاری کردیئے۔

متعلقہ عنوان :