وفاقی وزیر شاہد خاقان کا پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی اور کھلے عام کاروبار کا نوٹس

ایوان بالا کو فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرادی

جمعہ 13 جنوری 2017 13:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء)وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی اور کھلے عام کاروبار کا نوٹس لیتے ہوئے ایوان بالا کو فوری اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔جمعرات کے روز ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتے ہوئے سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں بغیر لائسنس پٹرول فروخت کیا جارہا ہے گھروں اور محلوں اور بازاروں میں بھی جگہ جگہ پر کھلے عام پٹرول اور ڈیزل فروخت ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر جعلی پٹرول بھی فروخت ہورہا ہے جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف مقامات پر ایران سے سمگل ہوکر آنے والا پٹرول کھلے عام فروخت ہو رہا ہے جس سے حکومت کو500ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر کھلے عام پٹرول کی فروخت سے بڑے بڑے حادثات رونما ہوئے ہیں۔

انہوں نے کھلے عام پٹرول کی فروخت کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ درست ہے کہ بغیر لائسنس پٹرولیم مصنوعات کی فروخت قانوناً جرم ہے اور جو بھی یہ کرتا ہے یہ غیر قانونی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اوگرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی شکایات پر نظررکھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضلعی انتظامیہ کے ماتحت ہوتی ہیں اور ضلعی انتظامیہ غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اختیار رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹینکرز کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات سمگل ہوکر ملک میں آتی ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر میں غیرقانونی طور پر فروخت ہونے والے پٹرولیم مصنوعات کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومتوں کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی جائیگی

متعلقہ عنوان :