سینیٹ فل ہاؤس کمیٹی کا اجلاس، ملک بھر میں طلباء یونینز پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار،بحالی بارے قرار داد لانے کا فیصلہ

جمعہ 13 جنوری 2017 13:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء ) سینیٹ فل ہاؤس کمیٹی نے ملک بھر میں طلباء یونینز پر پابندی کو بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی بحال کے حوالے سے قرار داد لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ قرار داد دو ہفتوں میں تیار کی جائے گی جس میں اراکین سینیٹ بھی دس دن کے اندر اپنی رائے دے سکیں گے طلباء یونینز کی بحالی کے حوالے سے سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی سربراہی میں جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

میاں رضاربانی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پارلیمان کو قانون سازی کرنے سے نہیں روک سکتاچیئرمین سینیٹ نے کہا کہ طلباء یونینز پر پابندی 1993 میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے ذریعے عائد کی گئی تھی حکومتیں طلباء یونینز کی بحالی کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھانے سے ہجکچا رہی ہیں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیچھے چھپ رہی ہیں بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہاکہ ہمیں ان پہلوؤں کا جائزہ لینا ہوگاکہ طلباء یونینز کو کس طرح بحال کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں قانون سازی کی جائے جو کہ اگرچہ اسلام آباد کی حد تک ہوگی لیکن اس سے صوبوں کو ایک واضح پیغام جائے گا سینیٹر بابر اعوان نے کہا کہ طلباء یونینز پر پابندی لگا کر سرمایہ کاروں کو سیاست میں لایا گیا انہوں نے تجویز دی کہ طلباء یونینز کی بحالی کیلئے قرار داد منظور کی جائے سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ طلباء یونینز پر تشدد کا الزام لگانا درست نہیں سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ جمہوریت کیلئے طلباء یونینز کا ہونا ضروری ہے اور ان کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں سینیٹر مشاہد حسین سید نے تاریخی حوالوں سے بتایا کہ تحریک پاکستان میں طلباء وطالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا سینیٹر کریم خواجہ نے بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ پاکستان میں جمہوری سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور طلباء یونینز اس سلسلے میں مفید ثابت ہو سکتی ہیں سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ حقائق کو مد ِنظر رکھ کر فیصلہ کرنا ہوگا اور طلباء یونینز ضرور بحال ہو نی چاہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جہانیز ب جمال دینی نے بھی طلباء تنظیموں کی بحالی پر زور دیا سینیٹر عثمان کاکٹر نے کہا کہ اس حوالے سے ایک سیمینار منعقد کرایا جائے اور بحث مباحثے کے بعد فیصلہ کیا جائے سینیٹر زمیاں عتیق ، شاہی سید ،جنرل (ر) عبدالقیوم، چوہدری تنویر ، جاوید عباسی،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، نثار محمد ، سردار اعظم خان موسیٰ خیل، جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی،میر کبیر احمد محمد شاہی ، سلیم ضیاء ، عائشہ رضا فاروق ،اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور طلباء یونینز کی بحالی کے سلسلے میں اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :